لاہور (کامرس رپورٹر) پنجاب کے آئندہ مالی سال 2009-10ء کے بجٹ کا حجم 445 ارب روپے ہوگا جس کا اعلان 16 جون کو کیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق بجٹ میں ترقیاتی اخراجات کا حجم 165 سے 170 ارب روپے تک ہوگا۔ وفاق کی جانب سے پنجاب کو آئندہ مالی سال محصولاتی پول میں 56 ارب روپے اضافی ملنے کا امکان ہے۔ رواں مالی سال وفاق نے محصولاتی پول سے پنجاب کیلئے 284 ارب روپے مختص کئے جبکہ آئندہ مالی سال اس مد میں 340 ارب روپے ملنے کا اندازہ ہے۔ آئندہ مالی سال میں بجٹ میں سب سے زیادہ فنڈز پولیس اور امن و امان کیلئے مختص کئے جا رہے ہیں جن کا حجم 50 ارب روپے کے لگ بھگ ہے۔ ارکان اسمبلی کو ترقیاتی فنڈز کی مد میں 2.5 کروڑ فی کس کے حساب سے ملیں گے۔ فوڈ سٹیمپ سکیم اور سستی روٹی کیلئے 10 ارب روپے مختص کئے جا رہے ہیں۔ صوبائی حکومت کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اسی شرح سے اضافہ ہوگا جس کا اعلان وفاقی حکومت اپنے ملازمین کیلئے کریگی۔ آئندہ بجٹ میں جائیداد‘ لگژری گاڑیوں‘ اسٹیمپ ڈیوٹی‘ رجسٹریشن اور ٹرانسفر فیس میں ردوبدل کیا جا رہا ہے تاہم کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا جائیگا۔
Post New Comment