لاہور (نیوز رپورٹر) پاکستان متحدہ کسان محاذ سربراہ ایوب خان میو نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان میں دنیا کے سب سے بڑے نہری نظام کو تباہی کے دھانے پر کھڑا کر دیا ہے جس سے اس سال پاکستان میں گندم کی فصل شدید متاثر ہوئی۔ فصل ربیع میں دریائے چناب کا پانی سندھ طاس معاہدہ کی رو سے 16 ہزار کیوسک چاہےے جو کہ صرف 5 ہزار کیوسک سے بھی کم ہے۔ پاکستان کے سب سے بڑے پیداواری صوبے پنجاب کی پانی کی لائف لائن کو بھارت نے بند کر دیا ہے جو کہ آبپاشی کا سب سے بڑا ذریعہ ہے اور 75 فیصد فصلیں دریائے چناب کے پانی سے سیراب ہوتی ہیں۔ آج دنیا کی سب سے بڑی نہر مرالہ راوی لنک جس کا 22ہزار کیوسک پانی کا بہاﺅ ہے خشک ہے۔ ہماری فسٹ دفاعی لائن بھی ہے اور اسی سے بمبارالا سے لے کر (سیالکوٹ سے) شروع ہو کر اوکاڑہ دیپالپور تک دفاعی لائن کے علاوہ آبپاشی کا ذریعہ بی آر بی نہر کے نام سے چلتا ہے اور اپر چناب کینال (وی سی سی) بھی آج خشک ہے جو کہ سنٹرل پنجاب سے لے کر ملتان ڈویژن بہاولپور ڈویژن تک آبپاشی کے نظام سے منسلک ہے اور تمام زرعی پیداوار کا اس پر انحصار ہے۔ اس کا پانی کا بہاﺅ 16500 کیوسک ہے مگر یہ بھی دریائے چناب کا پانی بھارت کی طرف سے روکے جانے کی وجہ سے خشک ہے۔ بھارت نے پاکستان کے دریائے چناب کا پانی روک کر پاکستان بالخصوص پنجاب کے کاشتکاروں زمینداروں کو سخت پریشان کر دیا ہے اور پاکستان میں زراعت کا مستقبل تباہ کر دیا ہے۔ پاکستان متحدہ کسان محاذ کے سربراہ ایوب خان میو نے ہیڈمرالہ دریائے چناب کے دورہ کے بعد یہ تمام ذمہ داری پاکستان کے حکمرانوں اور سیاستدانوں پر ڈال دی ہے کیونکہ وہ بھارت کے خلاف کوئی قدم نہیں اٹھا رہے اور پاکستان میں ان کی اس غفلت سے پاکستان میں عنقریب غذائی بحران مزید شدید ہو جائیگا جبکہ گندم کی پیداوار موجودہ فصل ربیع میں کم ہو گی۔ ایوب خان میو نے کہا کہ پاکستان کے حکمران اور سیاستدان امریکہ کے ڈر اور کہنے پر بھارت کے خلاف پاکستانی عوام کے مفاد میں زبان نہیں کھول رہے کیونکہ انہیں اقتدار حاصل کرنے کے لےے بھارتی خوشنودی درکار ہے اور پاکستان کے مفادات کو بالائے طاق رکھا ہوا ہے۔ پاکستان متحدہ کسان محاذ کے سربراہ نے آئندہ چند یوم میں ایک منظم تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے جو بھارت کی آبی جارحیت معاشی و جانی دہشت گردی کی بھارتی مذموم کارروائیوں کے خاتمہ تک جاری رہے گی اور ملک کے تمام مکاتب فکر کو بھارت کے خلاف منظم کیا جائے گا تاکہ وہ پاکستان کے خلاف اپنی کارروائیاں بند کرے۔
Post New Comment