لاہور (سٹاف رپورٹر) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے ریلوے کے سربراہ اور مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی سردار ایازصادق نے کہا ہے کہ ہماری پوری کوشش ہے کہ ریلوے کو اس کے پاﺅں پر کھڑا کریں۔ اگر مزید ٹرینیں بند کی گئیں تو ملکی معیشت پر اربوں روپے کا اضافی بوجھ آجائے گا اور ہمارا ٹرانسپورٹ کا پورا سسٹم تباہ ہو جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ریلوے ورکرز یونین سی بی اے ورکشاپس کے زیراہتمام کیرج شاپس کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ کی صدارت یونین کے رہنما امیر احمد بٹ نے کی۔ سردار ایاز نے کہا کہ ریلوے مزدور اور ہم سب مل کر اس ادارے کو بچائیں گے۔ رکن قومی اسمبلی روحیل اصغر نے کہا ریلوے کی ترقی ملک وقوم کی خوشحالی ہے، اس اہم ادارے کو بچانا ہم سب کا فرض ہے۔ یونین کے رہنما فضل واحد، عاشق جہانگیری، شوکت علی چوہدری، رضوان ستی، شاہد فاروق میاں، نواز گوندل‘ سید نوشاد قمر، عاشق چوہدری، اکبر علی کھوکھر نے ٹی ایل اے ملازمین کو کنفرم کرنے پر ریلوے سٹینڈنگ کمیٹی، ریلوے انتظامیہ اور حکومت کا شکریہ ادا کیا ۔
Post New Comment