عوامی تحریک کا 17 جون کو مال روڈ پر دھرنے کا اعلان

لاہور (خصوصی نامہ نگار)پاکستان عوامی تحریک نے 17 جون کو مال روڈ لاہور پر احتجاجی دھرنا دینے کا اعلان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ دھرنے کی قیادت سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر طاہر القادری کرینگے، مال روڈ پر احتجاج کے حوالے سے ڈی سی او لاہور کو تحریری طور پر آگاہ کر دیا گیا ہے۔ تروایح اور سحری بھی مال روڈ پر ہوگی اور آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان بھی کیا جائیگا، دھرنے میں شرکت کیلئے عمران خان، سراج الحق، راجہ ناصر عبا س، صاحبزادہ حامد رضا و دیگر جماعتوں کے رہنماﺅں کو دعوت دے دی ہے۔ یہ اعلان عوامی تحریک کی سنٹرل کور کمیٹی کے ممبران نے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس میںکیا جس میں ڈپٹی سیکرٹری جنرل خواجہ عامر فرید کوریجہ، بشارت جسپال، بریگیڈئر (ر) مشتاق، فیاض وڑائچ، نوراللہ صدیقی، ساجد بھٹی، جواد حامد، جی ایم ملک، راجہ زاہد ودیگر نے شرکت کی۔ خرم نواز گنڈاپور نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 17 جون کو بتائیں گے کہ عوامی تحریک کے کارکنوں نے کوئی ڈیل کی نہ دیت قبول کی اور وہ قصاص کیلئے پہلے کی طرح آج بھی پرعزم ہیں۔ دو سال کے بعد بھی انصاف نہیں ملا، صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا، پنجاب حکومت نے جعلی جے آئی ٹی بنا کر شہدائے ماڈل ٹاﺅن کا خون ہضم کرنے کی ناکام کوشش کی، انصاف کیلئے ہر حد تک جائیں گے، آرمی چیف نے ایف آئی آر درج کروائی، انصاف بھی دلوائیں۔
اعلان