گرمی سے معمر خاتون جاں بحق، لوڈشیڈنگ جاری، فیروزوالا میں مظاہرہ، سڑک بلاک

لاہور (نیوز رپورٹر + نامہ نگاران) گرمی کے باعث گزشتہ روز ایک معمر خاتون دم توڑ گئی جبکہ بجلی کی لوڈشیڈنگ کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ کاروبار شدید متاثر رہے بجلی کے ساتھ کئی علاقوں میں پانی بھی غائب رہا جس کے باعث لوگوں کی مشکلات مزید بڑھ گئیں اور وہ سراپا احتجاج بن گئے۔ فیروزوالا میں لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور مظاہرین نے شرقپور روڈ کو 5 گھنٹے تک بلاک رکھا۔ منڈی احمد آباد سے نامہ نگار کے مطابق منڈی احمد آباد اور اس کے گرد و نواح میں گرمی کے دوران 12 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ پر لوگ سراپا احتجاج بن گئے جبکہ گرمی سے متعدد افراد بیہوش ہو گئے۔ جڑانوالہ سے نامہ نگار کے مطابق شدید گرمی کے باعث معمر خاتون دم توڑ گئی۔ چک نمبر 628 گ ۔ ب کی 75 سالہ اشارد بی بی شدید گرمی برداشت نہ کر سکی۔ علاوہ ازیں لیسکو نے بجلی کی ٹرپنگ ختم کرنے کیلئے اور سسٹم کی بہتری کیلئے 15 کروڑ روپے کا پاور ٹرانسفارمر چوہنگ گرڈ سٹیشن پر لگا دیا ہے۔ اس حوالے سے آپریشن ڈائریکٹر لیسکو اسد اللہ نے نوائے وقت کو بتایا کہ سسٹم کی بہتری کیلئے 40 ایم وی اے کا پاور ٹرانسفارمر چوہنگ گرڈ سٹیشن پر لگایا گیا ہے جس سے لاہور کا ایک بڑا علاقہ اس سے استفادہ کرے گا۔ انہوں نے بتایا کہ ٹرپنگ کے مسئلے کے حل کیلئے تمام فیڈرز پر کپیسٹر ہٹا رہے ہیں تاکہ ٹرپنگ کا مسئلہ حل ہو سکے۔ لیسکوکا خسارہ 9 سو میگاواٹ جس کو پورا کرنے کیلئے شیڈول کے تحت 6 سے 8 گھنٹے تک بجلی بند کی جا رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مضافات میں بجلی کی بندش کا دورانیہ 10 گھنٹے تک ہے۔ فیروزوالا سے نامہ نگار کے مطابق لاہور شرقپور روڈ کی آبادی برج اٹاری اور کوٹ نورشاہ میں طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف لوگ سراپااحتجاج بن گئے۔ مظاہرین نے شرقپور روڈ 5 گھنٹے تک بلاک کرکے شدید احتجاج کیا اور نعرے بازی کرتے رہے۔ بہاولپور سے نامہ نگار کے مطابق اووربلنگ کیخلاف لوگوں نے شدید احتجاج کیا اور بجلی کے بل نذر آتش کردیئے۔ مظاہرے کے دوران ایک شخص نے خود پر پٹرول چھڑک کر خود سوزی کی کوشش کی جسے ناکام بنا دیا گیا۔ فقصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق قصور کے کئی علاقے بجلی سے محروم رہے شدید گرمی میں بجلی فراہم کرنے والے ٹرانسفارمر ناکارہ ہونے کی وجہ سے جواب دے گئے واپڈا کی نااہلی کے سبب ٹرانسفارمر ٹھیک نہ ہو سکے۔ لوگ سراپا احتجاج بن گئے۔ آن لائن کے مطابق وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ملک میں بجلی کے ساڑھے چار ہزار میگاواٹ کا شارٹ فال ہے بجلی کی طلب 19200 میگاواٹ اور پیداوار 14821 میگاواٹ ہے۔
لوڈشیڈنگ جاری / مظاہرہ