متاثرین کویت کو بہت جلد رقوم ادا کی جائینگی، متاثرین خلیج جنگ ایکشن کمیٹی

کویت سٹی (نمائندہ خصوصی) متاثرین خلیج جنگ کا اجلاس میویخ میں ہوا جس میں کثیر تعداد میں کویت متاثرین نے شرکت کی۔ اس موقع پر صدر متاثرین خلیج جنگ ایکشن کمیٹی محمد ارشد جنجوعہ نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے پہلے اجلاس میں بھی کہا تھا اور اب پھر اپنی بات کو دہرا رہا ہوں کہ ہم بغیر کسی ذاتی لالچ کے پاکستانی کویت متاثرین کے لئے کوشش اور جدوجہد شروع کر رہے ہیں اور آخری متاثرین کو بھی انشاءاللہ کلیم دلا کر رہیں گے۔ ہماری کوشش سے کسی فرد واحد کو فائدہ نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نوائے وقت کے توسط سے تمام سیاسی، سماجی اور رفاعی و دینی تنظیموں سے اپیل کرتے ہیں کہ متاثرین کے کلیمز کے حصول کے لئے ہماری مدد کریں۔ اس موقع پر شکیل احمد ڈار نے کہا کہ ہم بہت جلد سفارتخانہ پاکستان کے توسط سے صدر آصف علی زرداری کے نام اپیل پہنچائیں گے۔ بعدازاں صدر پاکستان کے نام اپیل پڑھ کر سنائی گئی جس کی تمام حاضرین نے تائید کی اور متفقہ طور پر اسے آگے بھیجنے کے لئے اجازت دی۔ محمد ارشد جنجوعہ اور شکیل احمد ڈار نے مشترکہ بیان میں کہا کہ ہم تمام میڈیا سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس مقصد کے لئے ہمارا ساتھ دیں اور ہر ممکن ہماری مدد کریں کیونکہ پہلے ہی 18 سال کا ایک طویل عرصہ گزر گیا ہے اوربہت سے متاثرین آس اور حسرت لئے اس دنیا سے رخصت ہو گئے ہیں۔ ہم سمندر پار پاکستانیوں کے امور کے وزیر ڈاکٹر فاروق ستار کو کویت کے دورہ کی دعوت بھی دیتے ہیں۔