پاکستان کے حالات دن بدن حکومت کی گرفت سے باہر نکلتے جا رہے ہیں: محمد عظیم نوری گھمن

دوبئی (طاہر منیر طاہر) ہمارے دور حکومت میں خودکش حملے اور سرحدی خلاف ورزیاں بہت محدود تعداد میں تھیں لیکن اب ملک خودکش حملے بڑھ چکے ہیں۔ جگہ جگہ بم دھماکے ہو رہے ہیں ملک میں لاءاینڈ آرڈر کا فقدان ہے جس کی ذمہ داری موجودہ حکومت ہے۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ ق پنجاب کے نائب صدر سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر اور پی پی حلقہ 131 کے سابق ایم پی اے محمد عظیم نوری گھمن نے دوبئی میں اپنے اعزاز میں منعقدہ عشائیہ کی ایک تقریب میں کیا جس کا اہتمام چودھری خالد پرویز آف کلووال نے کیا تھا۔ اس موقع پر محمد عظیم نوری گھمن نے کہا کہ پاکستان کے حالات دن بدن موجودہ حکومت کی گرفت سے باہر نکلتے جا رہے ہیں جو قابل تشویش ہے۔ امن عامہ کی خراب صورت حال ہے اور ملک میں بدامنی، افراتفری پھیلی ہوئی ہے۔ لوڈشیڈنگ اور مہنگائی پر کوئی کنٹرول نہیں ہے جس سے پاکستانی عوام بے چینی کا شکار ہے۔ جبکہ مسلم لیگ ق کے دور حکومت میں پھر بھی قدرے امن و سکون تھا۔