ڈپٹی سپیکر کے اعزاز میں عشائیہ

ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی شیر علی گور چانی گزشتہ دنوں ذاتی دورہ پر متحدہ عرب امارات تشریف لائے۔ ان کی دوبئی آمد پر پاکستان مسلم لیگ ن مڈل ایسٹ کے صدر چودھری نور الحسن تنویر نے ان کے اعزاز میں پر تکلف عشائیہ کا اہتمام کیا جس میں پی ایم ایل این مڈل ایسٹ کے نائب صدر چودھری محمد شفیع۔ ابوظبہی کے صدر چودھری محمد صدیق، دوبئی کے صدر خواجہ عبدالوحید پال، ایم این اے اوحسان اللہ باجوہ، زاہد باجوہ، محمد یونس پراچہ، محمد اختر بسرا، چودھری نعیم، غلام مصطفٰی مغل اور ایم پی اے محمد افضل گل چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی ایگریکلچر پنجاب، پی ایم ایل این العین کے صدر غلام عباس بھٹی اور دیگر افراد نے شرکت کی۔اس موقع پر موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شیر علی گور چان نے کہا کے مسلم لیگ ن کو مشکل وقت میں مضبوط کرنے میں مسلم لیگ ن یو اے ای کا کردار مثالی ہے لہذا مسلم لیگ ن کی اوور سیز تنظیموں خصوصاً یو اے ای کی تنظم کو جس قدر خراج تحسین پیش کیا جائے وہ کم ہے۔ ترقیاتی کاموں پر بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر نے کہا کہ تمام تر مشکلات کے باوجود ملک ترقی کے راہ پر گامزن ہے خاص طور پر خادم اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی سربراہی میں پنجاب مثالی ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ ملکی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے چودھری نورالحسن تنویر نے کہا کہ ایک سال کے دوران پی ایم ایل این کی حکومت نے جتنے ترقیاتی کام کئے ہیں ان کی مثال سابقہ ادوار میں نہیں ملتی۔ بیرون ملک سے جس قدر انوسیٹمنٹ آج پاکستان آرہی ہے اور ترقیاتی منصوبے مکمل ہو رہے ہیں ایسا پہلے کبھی نہ تھا۔ہمارے قائدمیاں محمد نواز شریف  کی سر براہی میں ملک جس طرح ترقی کی منزلیں طے کررہا ہے اس کی مثال نہیں ملتی لوگ مخالفت برائے مخالفت کی روش اپنائے ہوئے ہیں جو ملک اور قوم کے لئے نقصان دہ ہے اگر منفی سیاست کرنے والے سیاسی مخالفت کو ایک طرف رکھتے ہوئے بغور جائزہ لیں تو انہیں پاکستان کے ترقی کی طرف بڑھتے ہوئے قدم صاف نظر آئیں گے۔