پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے سب کو مل کرجد وجہد کرنا ہو گی

صحافی  |  وقار ملک
پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے  سب کو مل کرجد وجہد کرنا ہو گی

پاکستان ہماری سوہنی دھرتی ہے اس کی خوشحالی ترقی کے لئے ہم سب کو جدوجہد کرنا ہوگی تاکہ ہم ایک باوقار قوم بن کر ابھریں ان خیالات کا اظہار سفیر پاکستان نغمانہ ہاشمی نے کمیونٹی کے اعزاز میں دی گئی ضیافت کے بعد یونین آف جرنلسٹ کے کوارڈیٹر عظیم ڈار و دیگر صحافیوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت پاکستانی ہمیں مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔ صحافی معاشرے کا ایک اہم ستون ہیں۔ جو اپنے کردار اور قلم سے معاشرتی برائیوں کا خاتمہ کر کے ایک با کردار با وقار قوم کی نشوونما کر سکتے ہیں۔ برسلز سے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کو خوشگوار پیغام ملنا چاہئے میرے نزدیک کسی گروپ، ٹولے کی اہمیت نہیں ،میں ہر پاکستانی کو اہمیت دیتی ہوں جس کا تعلق ہماری سوہنی دھرتی پاکستان سے ہے میرے دروازے سب کے لئے کھلے ہیں اس موقع پر عظیم ڈار نے سفیر محترم کو برسلز کی صورتحال اور صحافیوں  کے مسائل سے بھی آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ سسٹم میں یونین آف جرنلسٹ چند محب وطن عامل صحافیوں کے ساتھ ملکر ملک و قوم کیلئے کام کر رہی ہے تاکہ پاکستان کا نام اور مقام بلند ہو پاکستان ترقی کرے۔ ہماری کمیونٹی کا نام روشن ہو اور محترمہ سفیر پاکستان نے عظیم ڈار کو یقین دلایا کہ وہ یونین آف جرنلسٹ کہ ساتھ مکمل تعاون کرینگی۔