طائف میں یوم تکبیر کی پروقار تقریب

صحافی  |  ممتاز احمد بڈانی
طائف میں یوم تکبیر کی پروقار تقریب

سعودی عرب پاکستان انٹرنیشنل سکول طائف کے گرلز و بوائز سیکش میں یوم تکبیر کے حوالے سے رنگا رنگ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت سکول کے پرنسپل اور نظریہ پاکستان ٹرسٹ طائف کے چیئرمین قیصر خان اور مسز رابعہ عمران نے کی۔ دونوں سیکشینز میں طلباء و طالبات کے درمیان تقریری مقابلے کرائے گئے۔ بچوں نے بڑے جوش و خروش سے تقریر یں کرکے  ہال میں موجود سامعین کے دل موہ لئے۔ طلباء و طالبات نے ملی نغموں پر بڑے ہی خوبصورت انداز میں ٹیبلوز پیش کئے۔ اپنی خوبصورت آواز میں وطن سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے ولولہ انگیز قومی ترانے بھی پیش کئے۔ قومی ترانے گاتے ہوئے بچوں نے جوش و ولولہ اور جذبہ حب الوطنی کا دل گداز سماں باندھ دیا۔ بچوں نے وطن عزیز کے امن اور خوشحالی کیلئے دعائیہ نظمیں بھی پڑھیں۔ سکول کے سینئر ٹیچر سعید لغاری نے اپنی سُریلی آواز میں ملی نغمہ پیش کیا۔ طلباء و طالبات میں مٹھائی بھی تقسیم کی گئی ۔ تقریب میں  ٹیچرز نے بھی بھرپور حصہ لیا جس سے تقریب کی رونق دوبالا ہوگئی۔ تقریب میں سکول کے اساتذہ فیاض احمد چانڈیو، عنایت اللہ خان، امجد شہزاد، عدنان صابر مرزا، علی رضوان ملک، امجد سعید بھٹی، محمد عباس، سعید لغاری، اسماعیل جمیل، ضیاء اللہ خان اور اس طرح گرلز سیکشن میں تمام سینئر و جونیئر سٹاف کے علاوہ کثیر تعداد پاکستانی کمیونٹی بھی موجود تھی۔ گرلز سیشن میں سٹیج سیکرٹری کے خدمات عدنان صابر مرزا نے جبکہ گرلز سیکشن میں مسز حینا مہ جبیں نے انجام دیئے۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک اور نعت رسول مقبولؐ سے کیا گیا۔ بوائز سیکشن میں سٹیج پر غوری میزائل کا ماڈل بھی بنا کر رکھا گیا۔ سائنس کلب کے طالبعلم احتشام اور عبداللہ ساجد نے ایٹم بم اور میزائل کے بارے میں طالبعلموں کو معلومات دیتے ہوئے ان کے فوائد و نقصانات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے طلباء کو مصنوعی بم دھماکہ کر کے بھی دکھایا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سکول کے پرنسپل قیصرخان نے طلباء کو بتایا کہ پاکستان کتنی قربانیوں کے بعد ہم نے حاصل کیا۔ ہمارے بزرگوں نے وطن عزیز کے حصوں کیلئے کیسی کیسی قربانیاں دیں۔ آپ لوگ پاکستان کے معمار ہیں۔ ہمارے طالبعلم ہمارے وطن کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ آگے چل کر وطن عزیز کی باگ ڈور آپ جیسے ذہین محنتی اور ہونہار طالبعلموں نے سنبھالنی ہے۔ آپ دل لگا کر محنت و لگن سے پڑھیں‘ اعلیٰ تعلیم حاصل کریں کیونکہ آپ ہی پاکستان کے کل کے ڈاکٹر عبدالقدیرخان ہیں۔ وائس پرنسپل گرلز سیکشن مسز رابعہ عمران نے طالبات و معلمات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پانچ دھماکے کر کے خود کو سُپر طاقت سمجھنے لگا۔ اس کے جواب میں ہمارے وزیراعظم محمد نوازشریف نے چھ ایٹمی دھماکہ کر کے بھارت کا غرور خاک میں ملا دیا اور بھارت کو منہ کی کھانی پڑی۔ اب الحمدللہ ہمارا وطن عزیز پہلا سوپر پاور اسلامی ایٹمی ملک ہے جس پر تمام عالم اسلام کو فخر حاصل ہے۔ 28 مئی کو ہمارے وزیراعظم نے پاکستان و اسلام دشمن عناصر پر واضح کر دیا کہ پاکستان و اسلام پر اٹھنے والی ہر آنکھ باقی نہ رہے گی۔ ہمارا پاکستان رمضان المباک کے بابرکت مہینے میں معرض وجود میں آیا ہے اور انشاء اللہ ہمیشہ قائم و دائم رہے گا ۔ مگر اس کی طرف بُری نگاہ ڈالنے والا کبھی بھی نہیں رہے گا۔   تقریب کے آخر میں قومی ترانہ پیش کیا گیا اور وطن عزیز کے امن و سلامتی کیلئے خصوصی دعا کرائی گئی۔ اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے طلباء و طالبات میں انعامات بھی تقسیم کئے گئے۔