رانا عبدالستار کا میثاق جمہوریت کے جائزہ کیلئے پارلیمانی کمیٹی کے فیصلہ کا خیرمقدم

کویت سٹی (نمائندہ خصوصی) پاکستان مسلم لیگ کوےت (ن) کویت کے صدر رانا عبدالستار نے ایک بیان میں میثاقِ جمہوریت پر قانون سازی کے جائزہ کی غرض سے پارلیمنٹ کی کمیٹی کی تشکیل کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے دیر سے لیکن درست سمت میں ایک قدم قرار دیا ہے اور زور دیا ہے کہ اس میں مزید تاخیر نہ کی جائے اور ایک مقررہ ٹائم ٹیبل کے تحت کمیٹی اس پر اپنا غوروخوض مکمل کر کے اسے قومی اسمبلی میں پیش کر دے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کویت کے نائب صدر ملک عامر غفور نے مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف کی جانب سے کارکنوں کی رائے کا احترام کرتے ہوئے وفاقی وزارتوں میں شمولیت اختیار نہ کرنے کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا کیونکہ جب تک بعض بنیادی امور پر پیپلزپارٹی سے ہم آہنگی نہ تشکیل پائے اس وقت تک وفاق میں مخلوط حکومت سازی کوئی سودمند فیصلہ نہیں ہو گا۔ نائب صدر چوہدری محمد یوسف نے موجودہ حکومت پر زور دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ سوات امن معاہدہ کو کمزور نہ ہونے دیا جائے کیونکہ اس سے سوات کے عوام کو امن و سکون میسر آیا ہے۔ مشترکہ بیان کے آخر میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر رانا عبدالستار نے پارٹی کے تمام اراکین کی جانب سے کمیونٹی کی نمایاں شخصیت اختر پیرزادہ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کی جلد از جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔