ذ والفقار علی بھٹوکی90 ویں سالگرہ کی تقریب
طاہر منیر طاہر
پاکستان پیپلزپارٹی اور پاکستان کے عوام آپس میں لازم و ملزوم ہیں۔ پیپلزپارٹی عوام کے دلوں میں رچی بسی ہے جسے باہر نکالنا ناممکن ہے۔ لوگ آج بھی پیپلزپارٹی سے ویسی ہی محبت اور عقیدت رکھتے ہیں جیسی پہلے رکھتے تھے۔ پیپلزپارٹی کا ووٹ بینک غریب عوام اور حالات کا پسا ہوا طبقہ ہے جو آج بھی پیپلزپارٹی کی موجودہ قیادت پر اندھا اعتماد کرتے ہیں اور پیپلزپارٹی کو ہی اپنے مسائل کا نجات دہندہ سمجھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی متحدہ عرب امارات کی ذوالفقار علی بھٹو کی 90 ویں سالگرہ کے موقع پر دبئی میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا اہتمام پاکستان پیپلزپارٹی گلف ریجن کے صدر میاں منیر ہانس اور ان کے ساتھیوں نے کیا تھا۔ تقریب میں فضل مرانی‘ رانا جاوید‘ غلام عباس بھٹی‘ رئیس قریشی‘ نذیر بھٹی ایڈووکیٹ‘ زاہدہ ملک‘ اسد بھٹی‘ عاصمہ اعوان ویلفیئر قونصلر‘ ذوالفقار علی مغل‘ جمیل فاروق چیچی‘ حافظ ارشد‘ اشفاق مغل‘ انوار چوہان‘ عارف رضا‘ وقار سلطان‘ یاسر بشیر‘ احسان گوگا‘ مظفر باجوہ‘ چودھری شہزاد‘ شیریں درانی‘ شہزادی توصیف چیمہ‘ نثار خٹک‘ عرفان گوندل‘ فضل گجر‘ شفیق صدیقی‘ ملک اسلم اور دیگر متعدد کارکنوں اور جیالوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر وزیراعظم پاکستان کے سابقہ ایڈوائزر مرزا اختیار بیگ نے بھی شرکت کی اور وہ اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔اس موقع پر سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور ایک دوسرے کو ذوالفقار علی بھٹو کی 90 ویں سالگرہ کی تقریب منعقد کرنے پر مبارکباد دی گئی۔ مقررین نے شرکائے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو صحیح معنوں میں عوامی لیڈر اور غریبوں کے دل کی دھڑکن تھے۔ اس بات کا اعادہ کیا گیا کہ متحدہ عرب امارات میں پی پی پی اپنی قیادت کے تحت منظم اور ایک پلیٹ فارم پر ہے جبکہ ہم بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر مکمل اعتماد کرتے ہوئے ان کے ساتھ ہیں۔