عالمی طاقتیں پاکستان میں سیلاب سے ہونیوالی تباہی سے نبٹنے کیلئے کردار ادا کریں: عبدالحمید خان

برسلز (نامہ نگار) بالاورستان نیشنل فرنٹ کے چیئرمین خان عبدالحمید خان نے عالمی طاقتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ گلگت بلتستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی سے نمٹنے کے لئے کردار ادا کریں جہاں سیلاب کے بعد روزمرہ کی زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے۔ مختلف علاقوں میں قحط کی صورت حال پیدا ہو رہی ہے لیکن افسوس کوئی مدد کرنے والا نہیں۔ بعض عناصر خطے میں مذہبی جنگ کو ہوا دے کر آپس میں قتل وغارت کا بازار گرم کرنا چاہتے ہیں لیکن باشعور عوام ان قوتوں کے عزائم خاک میں ملا دیں گے جو خطہ میں امن وامان کی صورت حال کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے یورپین حکام سے بھی اپیل کی کہ وہ آگے بڑھیں اور گلگت بلتستان کے عوام کو مسائل کی دلدل سے باہر نکالیں اور انہیں ان کے بنیادی حقوق دلانے کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام سیلاب کی تباہی کا شکار ہیں لیکن آمریت ان کے سروں پر منڈلا رہی ہے۔ میڈیا پر بندش آزادی رائے پر قدغن اور بنیادی حقوق کی عدم دستیابی سے معاشرتی برائیاں جنم لے رہی ہیں۔ عبدالحمید خان نے گلگت بلتستان کے عوام کی آبادکاری کے لئے اپنی جانب سے 10 لاکھ روپے کی امداد کا اعلان کرتے ہوئے مخیر حضرات سے بھی اپیل کی کہ وہ وہاں کے عوام کے لئے آگے بڑھیں ان کی براہ راست مدد کریں۔