پاکستان سے بھارت کو چاولوں کی برآمد بند کرائی جائے، جدہ میں پاکستانی تاجروں کا مطالبہ

جدہ ( امیر محمد خان سے ) آٹے ، چینی کے بد ترین بحران کے بعد ایک مرتبہ پھر دوسال قبل کی طرح پاکستان میں چاول کا سخت بحران متوقع ہے ، سعودی عرب میں پاکستان سے کھانے پینے کی اشیاء، مصالحے درآمد کرنے والے پاکستانی تاجروں کے مطابق دوسال قبل حکومت پاکستان کی اجازت اور بغیر اجازت کے پاکستان سے بڑی مقدار میں بھارت چاول برآمد کیا گیا تھا جسکے بعد ملک میں چاول کی کمی ہونے کے بعد چاول مہنگے داموں فروخت ہوتا رہا ، اسی طرح پاکستان کے تاجروں نے بھاری مقدار میں ملکی ضروریات کو نظر انداز کرتے ہوئے فائدہ کمانے کیلئے چینی بھارت کو فروخت کردی ، اسکے لئے انہوں نے سمگلنگ اور دیگر ذرائع استعمال کئے ، سعودی عرب میں پاکستانی تجار کے مطابق اس سال پاکستان میں چاول کی فصل بہت اچھی ہوئی ہے ، ساتھ ہی بھارت نے حکومت پاکستان کو ٹینڈر کے ذریعے ہزاروں ٹن چاول کے سودے پر بات چیت شروع کردی ہے ، اس طرح نہ صرف دنیا بھر میں پاکستانی چاول مہنگا ہوجائے گا بلکہ ہم وطنوں کو بھی میسر نہیں ہوگا۔نوائے وقت سے بات کرتے ہوئے جدہ میں پاکستانی تجار نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ بھارت کو چاول برآمدکئے جانے پر پابندی عائد کرے۔ انہوں نے پاکستان میں ہم وطن تجار سے بھی درخواست کی ہے کہ وہ محب الوطنی کا ثبوت دیں اور اپنی مارکیٹ کیلئے کام کریں نہ کہ بھارت کی ضروریات کو پوار کریں۔