موجودہ ناساز گار حالات میں پاک فوج کا کردار مثالی ہے: سینیٹر شاہی سید

موجودہ ناساز گار حالات میں پاک فوج  کا کردار مثالی ہے: سینیٹر شاہی سید

پختون ویلفیئر آرگنائزیشن دوبئی کے زیر اہتمام یوم پاکستان کے حوالے سے ایک خوبصورت تقریب دوبئی کے ایک ہوٹل میں منعقد ہوئی۔ جس کا اہتمام پی ڈبلیو او کے صدر سید عبدالقیوم شاہ نے کیا تھا۔ تقریب میں پاکستان سے آنے والے مہمان سینیٹر شاہی سید، قونصلیٹ آف پاکستان دوبئی کے ڈپٹی قونصل جنرل طارق وزیر، ویلفیئر قونصلر ڈاکٹر ریاض حسین لانگ پاکستان کمیونٹی کے عبدالستار پردیسی، میاں منیر ہانس، چودھری راشد علی بریار، حاجی محمد نواز، چودھری خالد حسین، راجہ محمد سرفراز، آفتاب حسین چودھری، شفیق صدیقی، اقبال پرنس، نثار خٹک اور دیگر بے شمار لوگ موجود تھے۔ اس موقع پر حاضرین مجلس سے خطاب کرتے ہوئے شاہی سید نے کہا کہ کراچی میں قومیت اور فرقہ واری کی نہیں بلکہ مفادات کی جنگ چل رہی ہے۔ مختلف قوتیں اپنے اپنے مفادات کی خاطر کراچی کا سکون برباد کر رہی ہیں۔ جبکہ موجودہ حالات کے پیش نظر پاک فوج کا کردار شاندار اور قابل تعریف ہے۔ جنرل راحیل شریف نے ماضی کی بات کرنے کی بجائے حال کو درست کرنے کے لئے اقدامات کئے ہیں جس کے مثبت نتائج نکل رہے ہیں۔ یوم قرار داد پاکستان کے موقع پر مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کام سرانجام دینے والوں چودھری عبدالحمید، عبدالستار پردیسی، پیر عمر شاہ، زمرد خاں بونیری، نصیر خان اور عبداللہ کو ایوارڈز دئے گئے۔ ڈپٹی قونصل جنرل طارق وزیر نے کہا کہ پختون ویلفیئر آرگنائزیشن نے 23 مارچ کا قومی دن منا کر ثابت کردیا ہے کہ زندہ قومیں اپنے قومی دن روایتی جوش و خروش اور جذبے سے مناتی ہیں۔ انہوں نے پی ڈبلیو او کے جذبہ حب الوطنی کو سراہا، پی ڈبلیو او کے صدر سید عبدالقیوم شاہ نے کہ کہا کہ پی ڈبلیو او اپنے محدود وسائل کے ساتھ ایک عرصہ سے یو اے ای میں بسنے والے پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لئے کام کر رہی ہے۔ کمیونٹی کو تعلیم صحت اور بے روزگاری کے سلسلہ میں مسائل کو حل کرنے میں مدد دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈبلیو او عوامی فلاح و بہبود کے لئے اپنا کردار بطریق احسن نبھا رہی ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ اپنے وسائل میںرہتے ہوئے اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل حل کریں۔ دیگر مقررین نے بھی خطاب کرتے ہوئے پی ڈبلیو او کی خدمات کو سراہا اور نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔ تقریب میں کیک بھی کاٹا گیا۔ مختصر مشاعرہ کا بھی اہتمام ہوا اور تقریب کے آخر میں آنے والے مہمانوں کی پرتکلف ڈنر سے تواضع کی گئی۔