تمباکو نوشی کے نقصانات
عفت بتول
تازہ ترین ریسرچ سے سگریٹ نوشی کے ان نقصانات کا بھی پتہ چلا ہے، جو پہلے معلوم نہیں تھے۔ اس سے صرف پھیپھڑوں کا کینسر ہی نہیں اندھا پن، ذیابیطس، جگر اور بڑی آنت کا کینسر ہو سکتا ہے۔ 1964ء میں تمباکو نوشی کے نقصانات پر پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ سگریٹ نوشی سے پھیپھڑوں کا کینسر ہو سکتا ہے۔امریکا میں بیماریوں کے کنٹرول اور روک تھام کے ادارے (سی ڈی سی) کے ڈائریکٹر تھامس فریڈن کہتے ہیں کہ تمباکو نوشی امریکا میں قبل از موت کا سبب بننے والی سب سے بڑی بیماری ہے۔ ان کے مطابق آج بھی نصف ملین امریکیوں کی موت کا سبب تمباکو نوشی بنتی ہے۔ تمباکو نوشی اس سے بھی بدتر ہے،جتنا ہم اسے پہلے خیال کرتے تھے۔تازہ ترین تحقیقی رپورٹ کے مطابق کثرت سے تمباکو نوشی ذیابیطس کے علاوہ تیرہ اقسام کے کینسر کا سبب بن سکتی ہے۔ جو افراد سگریٹ نوشی نہیں کرتے لیکن اس کے دھوئیں میں سانس لیتے ہیں، ان میں دل کے دورے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔امریکا میں قائم مقام سرجن جنرل بورس لوشنیک کا کہنا تھا آج کے دورِ جدید میں سگریٹ ہماری سوچ سے بھی زیادہ خطرناک ہیں۔ ڈاکٹر لوشنیک کہتے ہیں، سگریٹ بنانے کا طریقہ اور اس کے اندر کے کیمیکل وقت کے ساتھ کافی حد تک بدل گئے ہیں۔ کچھ کیمکل ایسے بھی ہیں جو پھیپھڑوں کے کینسر کا خطرہ تیز کرتے ہیں۔امریکی حکومت نے2020ء تک تمباکو نوشی کرنے والوں کی شرح میں 12 فیصد تک کمی کا ہدف قائم کر رکھا ہے، لیکن ماہرین کے مطابق اسے پورا کرنا مشکل ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ سگریٹ پینے والوں میں نظر کے کمزور ہونے یا اندھے پن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اس کے علاوہ خواتین میں سگریٹ نوشی کے اثرات سے نوزائیدہ بچوں میں پیدائشی کٹے ہونٹ، حمل کے دوران پیچیدگیوں کا پیدا ہونا، جوڑوں کا درد اور جسم کے دفاعی صلاحیت میں کمی ہوجاتی ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگر تمباکو نوشی کی شرح کم نہیں ہوئی تو امریکا میں ہر 13بچوں میں سے ایک بچہ آگے چل کر اس سے جڑی کسی بیماری کی وجہ سے جان گنوا دے گا۔
نوجوانوں میں تمباکو کے استعمال کا طریقہ کار تبدیل ہو رہا ہے۔ تمباکو نوشی کرنے والے بہت سے لوگ زیادہ نوٹین والے ای سگریٹ، مختلف ذائقوں والے سگار اور شیشہ پینے لگے ہیں۔گزشتہ دنوں جاری ہونے والی ایک دوسری امریکی تحقیق کے مطابق دنیا میں آبادی بڑھنے کے ساتھ ساتھ تمباکو نوشی کرنے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ تین دہائیوں میں سگریٹ نوشوں کی تعداد 72 کروڑ سے بڑھ کر تقریبا 97 کروڑ ہو گئی ہے۔یہ بات تو سب کے علم میں ہے کہ سگریٹ کو نوشی جسم اور صحت دونوں کیلئے انتہائی خراب ہے۔ اگر تمباکو نوشی سے اموات کی سالانہ تعداد دیکھیں تو ہمیں اندازہ ہوگا کہ یہ لت انسان کو کس قدر تیزی سے موت کے منہ میں لے جاتی ہے۔ تمباکونوشی سے ناحق ہوجانے والی موت قبل از وقت ہوجانے والی اموات میں سے ایک ہے جس سے بچا جاسکتا ہے۔ امریکہ میں ہر سال 430,700لوگ تمباکو نوشی کے باعث موت کا شکار ہوجاتے ہیں۔ تمباکو میں موجود Nicotine سے انسان کو اسکی لت بری طرح پڑجاتی ہے اور اسکے استعمال سے صحت کی خرابی کے نقصانات بڑھ جاتے ہیں۔ تمباکونوشی کو ترک کرنا ہی اسکا سب سے بہترین بچاہے اور اسکو چھوڑنے کے فوائد بہت زیادہ ہیں۔ہمارا جسم قدرتی طور پر ایسا ہے کہ اس میں Healing Property موجود ہے خاص کر ہمارے دل، جگر اور خون کی رگوں میں یہ خاصیت پائی جاتی ہے کہ وہ خود کو موقع پاتے ہی پہنچنے والے نقصان کو Heal کر لیتے ہیں۔