ہالی وڈ کے شب و روز



شاذیہ سعید
انجیلنا کا جادو اثر کر گیا!
ہالی وڈ کی حسین اداکارہ انجلینا جولی کی فلم 'میلیفسنٹ' آتے ہی چھا گئی، اداکار نے جادوگرنی کے روپ میں سب پرجادو کر دیا۔مشہور افسانوی ناول سلیپنگ بیوٹی پر مبنی فلم ’’میلیفسنٹ‘‘ میں آسکر ایورڈ یافتہ اداکار انجلینا جولی نے ایک جادوگرنی کا کردار ادا کیا ہے۔فلم میں جولی کلاسیک سلیپنگ بیوٹی سے ہٹ کر ولن میلیفسنٹ کے کردار میں کافی پسند کی جا رہی ہیں جو دھوکے کھاتے کھاتے ایک معصوم لڑکی سے پتھر دل جادو گرنی بن جاتی ہے۔فلم سلیپنگ بیوٹی کا کردار ایلی فیننگ ادا کر رہی ہیں، جو سولہویں سالگرہ پر لمبی نیند سو جاتی ہے۔اِدھرمیلیفسنٹ نے ریلیز کے تین دنوں میں سات کروڑ ڈالر کا بزنس کرکے امریکی باکس آفس پر راج قائم کرلیا ہے اور اُدھرہالی ووڈ کی آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ انجلینا جولی 39 برس کی ہوگئیں۔ہالی ووڈ اداکارہ انجلینا جولی 4 جون1975ء کو لاس اینجلس میں پیدا ہوئیں،انجلینا جولی نے چین کے شہر شنگھائی میں  اپنی انتالیسویں سالگرہ بھی منائی۔ انجلینا جولی نے کئی کامیاب فلموں میں کام کیا، دو ہزار نو میں ریلیز ہونے والی فلم فوربز کی شہرت کے بعد ہالی ووڈ کی سب سے زیادہ معاوضہ وصول کرنے والی اداکارہ بھی بنیں، انجلینا نے آسکر،گولڈن گلوبز،اکیڈمی اور کئی انٹرنیشنل ایوارڈ حاصل کئے۔
ہندوستانی  اداکارہ کا قبول اسلام!
میوزیشن اے آر رحمان اور یوون شنکر راجا کے بعد ہندوستانی اداکارہ مونیکا نے بھی اسلام قبول کرلیا۔ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق تامل فلموں میں کام کرنے والی مونیکا متعدد فلموں میں کام کرچکی ہیں تاہم ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اسلام قبول کرلیا ہے اور مزید فلموں میں کام نہیں کریں گے۔مونیکا نے اپنا نام بھی تبدیل کرلیا ہے۔ ان کا نیا نام ایم جی رحیمہ ہے۔اداکارہ کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسلام کی تعلیمات سے متاثر ہوئیں اور اس وجہ انہوں نے یہ فیصلہ کیا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ جلد اپنے والدین کی مرضی سے شادی کرلیں گی۔
ملی سائرس لٹ گئیں!
امریکی گلوکار، مائلی سائرس قیمتی زیوارت اور لگژری کار سے محروم ہوگئی ہیں۔ لاس اینجلس میں واقع ان کی رہائش گاہ ’’سان فرنینڈو ویلی‘‘ میں رات کے اندھیرے میں دو چور گھس آئے اور سائرس کے زیوات اور قیمتی کار لے اڑے۔لاس اینجلس پولیس چوروں کی تلاش میں ہے جبکہ ان کے خلاف نارتھ ہالی ووڈ سٹیشن میں ایف آئی آر بھی درج کرلی گئی ہے۔پولیس نے جائے وقوعہ کا دورہ کرنے کے بعد جو معلومات جاری کی ہیں ان کے مطابق واقعے کے وقت گھر پر کوئی نہیں تھا جس کا فائدہ اٹھا کر ایک نامعلوم خاتون اور ایک مرد چور سکیورٹی وال توڑ کر گھر میں داخل ہوئے، زیورات اٹھائے، گیراج میں کھڑی گاڑی سٹارٹ کی اور رفو چکر ہو مگئے۔پولیس نے لوگوں سے مجرموں کو پکڑوانے میں مدد دینے کی اپیل کی ہے جبکہ ملی سائرس ان دنوں اپنے  محل نما گھر کی  فکر میں مبتلا ہیں کہ  کہیں ان کا گھر بھی  چوری  نہ  ہو جائے۔
پیرس ہلٹن پھنس گئیں مصیبت میں۔۔۔!
ہالی وڈ ایکٹریس اور سماجی محفلوں کی جان پیرس ہلٹن سے جڑی چٹپٹی اور دھماکہ دار خبریں اکثر میڈیا کی زینت بنتی رہتی ہیں لیکن آج پیرس ہلٹن کے بارے میں خبر یہ ہے کہ انہیں ایک معاہدے کی خلاف ورزی پر 2 ملین ڈالرز ہرجانے کے مقدمے کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ’’کانٹیکٹ میوزک‘‘ کے مطابق جوتے بنانے والی کمپنی ’’این ٹیبی گروپ ‘‘نے پیرس ہلٹن پر الزام لگایا ہے کہ انہوں نے معاہد ہ تو ان کے ساتھ کیا لیکن وہ مخالف گروپ کی سوشل میڈیا پر زور شور سے پروموشن کر رہی ہیں۔جوتے بنانے والی کمپنی نے عدالت میں موقف اختیار کیا ہے کہ انہوں نے پیرس ہلٹن کی اچھی ساکھ اور شہرت سے متاثر ہو کر ان سے معاہدہ کیا تھا لیکن پیرس نے مخالف کمپنی کو پروموٹ کرکے ان کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ پیرس ہلٹن نے کمپنی پر پہلے ہی رائلٹیز ادا نہ کرنے کے سلسلے میں مقدمہ کر رکھا ہے جس میں کمپنی کو رائلیٹیز کی مد میں 1 ملین ڈالرز ادا کرنے کا کہا گیا ہے۔پیرس نے کمپنی کی 2007ء  کی رینج مارکیٹ میں متعارف کرائی تھی۔پیرس ہلٹن کے ’’این ٹیبی گروپ‘‘ کے ساتھ معاہدے کی مدت رواں سال کے آخر میں ختم ہو رہی ہے۔