کاتب وحی و جلیل القدر صحابی حضرت سیدنا امیر معاویہ

مولانا مجیب الرحمن انقلابی
آپ کے والد سیدنا ابو سفیانؓ سرداران قریش میں سے ہیں اور فتح مکہ کے موقع پر حضورؐ نے ان کے گھر کو بھی ’’دارالامن‘‘ قرار دیا۔ سیدنا حضرت امیر معاویہؐ کا سلسلہ نسب پانچویں پشت میں حضورؐ سے مل جاتا ہے۔مشہور روایت کے مطابق آپ فتح مکہ کے موقع پر اپنے والد سیدنا حضرت ابوسفیانؓ  کے ہمراہ اسلام لائے۔سیدنا حضرت امیر معاویہؓ نے جب اپنے اسلام قبول کرنے کا اعلان کیا تو حضورؐ نے انہیں مبارکباد دی اور ’’مرحبا‘‘ فرمایا (البدایہ والنہایہ 117/8)۔حضورؐ چونکہ سیدنا حضرت امیر معاویہؓ کے سابقہ حالات زندگی اور ان کی صلاحیت و قابلیت سے آگاہ تھے اس لیے انھیں اپنے خاص قرب سے نوازا۔ فتح مکہ کے بعد آپ حضورؐ کے ساتھ ہی رہے اور تمام غزوات میں حضورؐ کی قیادت و معیت میں بھرپور حصہ لیا۔
سیدنا حضرت امیر معاویہؓ وہ خوش قسمت انسان ہیں جن کو کتابت وحی کے ساتھ ساتھ حضورؐ کے خطوط تحریر کرنے کی بھی سعادت حاصل ہوئی۔سیدنا حضرت امیر معاویہ  ؓ  حضورؐ کی خدمت میں حاضر رہتے یہاں تک کہ سفر و حضر میں بھی خدمت کا موقع تلاش کرتے ۔چنانچہ ایک بار حضورؐ کہیں تشریف لے چلے تو سیدنا حضرت امیر معاویہؓ خدمت کے لیے پیچھے پیچھے ساتھ ہو گئے۔ راستہ میں حضورؐ کو وضو کی حاجت ہوئی۔ پیچھے مڑے تو دیکھا سیدنا امیر معاویہؓ پانی کا برتن لیے کھڑے ہیں آپؐ بڑے متاثر ہوئے چنانچہ وضو کے لیے بیٹھے تو فرمانے لگے۔ ’’معاویہؓ  تم حکمران بنو تو نیک لوگوں کے ساتھ نیکی کرنا اور برے لوگوں سے درگزر کرنا۔‘‘ حضرت معاویہؓ فرمایا کرتے تھے کہ اسی وقت مجھے امید ہو گئی تھی کہ حضورؐ کی پیشین گوئی صادق آئے گی اور میں کبھی نہ کبھی ضرور خلیفہ ہو کر رہوں گا۔
حضورؐ آپ کی خدمت اور بے لوث محبت سے اتنا خوش تھے کہ بعض اہم خدمات آپ کے سپرد فرما دی تھیں۔ علامہ اکبر نجیب آبادی ’’تاریخ اسلام‘‘ میں رقمطراز ہیں کہ حضورؐ  نے اپنے باہر سے آ ئے ہوئے مہمانوں کی خاطر مدارت اور ان کے قیام و طعام کا انتظام و اہتمام بھی حضرت معاویہؓ کے سپرد کر دیا تھا۔ حضورؐ  کی وفات کے بعد خلیفہ اول سیدنا حضرت ابوبکر صدیقؓ کے دور خلافت میں آپ نے مانعین زکوٰۃ، منکرین ختم نبوت، جھوٹے مدعیان نبوت اور مرتدین کے فتنوں کے خلاف بھرپور حصہ لیا ۔  ایک روایت کے مطابق مسیلمہ کذاب حضرت معاویہؓ کے وار سے جہنم رسید ہوا۔ خلیفہ دوم سیدنا حضرت عمر فاروق ؓ کے دور خلافت میں جو فتوحات ہوئیں اس میں حضرت امیر معاویہؓ  کا نمایاں حصہ اور کردار ہے جنگ یرموک میں آپ  بڑی بہادری اور دلیری کے ساتھ لڑے۔۔۔خلیفہ سوم سیدنا حضرت عثمان غنیؓ کے دور خلافت میں سیدنا حضرت امیر معاویہؓ جہاد و فتوحات میں مصروف رہے اور آپ نے رومیوں کو شکست فاش د ی۔  ’’بحر روم‘‘ میں رومی حکومت کا ایک بہت بڑا بحری مرکز تھا جو کہ شام کے ساحل کے قریب ہونے کے باعث شام کے مسلمانوں کے لیے بہت قریبی خطرہ تھا اسے فتح کیے بغیر شام و مصر کی حفاظت ممکن نہ تھی ۔ سیدنا حضرت امیر معاویہؓ چاہتے تھے کہ اسلام ایک آفاقی اور عالمگیر مذہب ہو۔ چنانچہ حضرت عثمان غنیؓ کی طرف سے بحری بیڑے کو تیار کرنے کی اجازت ملنے کے بعد حضرت امیر معاویہؓ   اپنی اس بحری مہم کا اعلان کر دیا۔ جس کے جواب میں جذبہ جہاد سے سرشار مجاہدین اسلام شام کا رخ کرنے لگے… 28ھ میں آپ پوری شان و شوکت، تیاری و طاقت اور اسلامی تاریخ کے پہلے بحری بیڑے کے ساتھ ’’بحر روم‘‘ میں اترے لیکن وہاں کے باشندوں نے مسلمانوں کے ساتھ صلح کر لی لیکن بعد میں مسلمانوں کو تنگ کرنے اور بدعہدی کرنے پر سیدنا حضرت امیر معاویہؓ پوری بحری طاقت اور عظیم الشان بحری بیڑے کے ساتھ جس میں تقریباً پانچ سو کے قریب بحری جہاز شامل تھے قبرص (سائپرس) کی طرف روانہ ہوئے اور بڑی بہادری سے لڑتے ہوئے قبرص (سائپرس) کو فتح کر لیا۔ آپ کی قیادت میں اس پہلی بحری لڑائی میںبڑے بڑے جلیل القدر صحابہ کرامؓ جن میں حضرت ابو ایوب انصاریؓ ، حضرت ابوذر غفاریؓ ، حضرت ابودردائؓ ، حضرت عبادہ بن صامتؓ اور حضرت شداد بن اوسؓ سمیت دیگر صحابہ کرامؓ شریک ہوئے۔ اس لڑائی میں تجربہ کار رومی فوج  کے باوجود  رومیوں کو بدترین شکست ہوئی اور مسلمانوں کو تاریخی فتح حاصل ہوئی۔
حضورؐ نے ’’اُمّ حرام‘‘ والی حدیث میں دو اسلامی لشکروں کے بارے میں مغفرت اور جنت کی بشارت و خوشخبری فرمائی ان میں سے ایک وہ لشکر جو سب سے پہلے اسلامی بحری جنگ لڑے گا اور دوسرا وہ لشکر جو قیصر کے شہر (قسطنطنیہ) میں جنگ کرے گا۔پہلی بشارت سیدنا حضرت عثمان غنیؓ کے دور خلافت میں پوری ہوئی جب  قبرص (سائپرس) کی فتح ہوئی۔ اور دوسری بشارت سیدنا حضرت امیر معاویہؓ کے دور حکومت میں اس وقت پوری ہوئی جب لشکر اسلام نے قیصر کے شہر قسطنطنیہ پر حملہ کر کے اس کو فتح کیا۔ سیدنا حضرت امیر معاویہؓ کا دور حکومت فتوحات اور غلبہ اسلام کے حوالہ سے شاندار دورِ حکومت ہے ایک طرف بحر اوقیانوس اور دوسری طرف سندھ اور افغانستان تک میں اسلام کی فتح کے جھنڈے گاڑ دیے، اس کے ساتھ ساتھ سیدنا حضرت امیر معاویہؓ نے خلفائے راشدینؓ کے ترقیاتی کاموں کو جاری رکھتے ہوئے اس میں مندرجہ ذیل نئے امور کی داغ بیل ڈال کر اس کو فروغ دیا۔
(1) سیدنا حضرت امیر معاویہؓ نے سب سے پہلا اقامتی ہسپتال دمشق میں قائم کیا۔ (2) سب سے پہلے اسلامی بحریہ قائم کیا، جہاز سازی کے کارخانے بنائے۔ (3) آب پاشی اور آب نوشی کے لیے دورِ اسلامی میں پہلی نہر کھدوائی۔ (4) ڈاک خانہ کی تنظیم نو کی اور ڈاک کا جدید اور مضبوط نظام قائم کیا۔ (5) سب سے پہلے احکام پر مہر لگانے اور حکم کی نقل دفتر میں محفوظ رکھنے کا طریقہ ایجاد کیا۔ (6) آپ سے پہلے خانہ کعبہ پر غلافوں کے اوپر ہی غلاف چڑھائے جاتے تھے۔ آپ نے پرانے غلاف کو اتار کر نیا غلاف چڑھانے کا حکم دیا۔ (7) خط دیوانی ایجاد کیا اور رقوم کو الفاظ کی صورت میں لکھنے کا طریقہ جاری  کیا۔ (8) انتظامیہ کو بلند تر بنایا اور انتظامیہ کو عدلیہ میں مداخلت سے روک دیا۔ (9) آپ نے دین اخلاق اور قانون کی طرح طب اور علم الجراحت کی تعلیم کا انتظام بھی کیا۔ (10) آپ نے بیت المال سے تجارتی قرضے بغیر اشتراک و نفع کے جاری کر کے تجارت و صنعت کو فروغ دیا اور بین الاقوامی معاہدے کیے۔ (11) سرحدوں کی حفاظت کے لیے قدیم قلعوں کی مرمت کر کے اور چند نئے قلعے تعمیر کرا کر اس میں مستقل فوجیں متعین کیں۔ (12) سیدنا حضرت امیر معاویہؓ کے دور میں ہی سب سے پہلے منجنیق کا استعمال کیا گیا ۔
سیدنا حضرت امیر معاویہؓ سے حضورؐ کی 163، ایک سو تریسٹھ احادیث مروی ہیں۔ سیدنا حضرت امیر معاویہؓ کے آئینہ اخلاق میں اخلاص، علم و فضل، فقہ و اجتہاد، تقریر و خطابت، غریب پروری، خدمت خلق، مہمان نوازی، مخالفین کے ساتھ حسن سلوک، فیاضی و سخاوت، اصابت رائے، عفو و درگزر، اطاعت الٰہی، اطاعت رسولؐ، اتباع سنت، جوش قبول حق، تحمل و بردباری، تقویٰ اور خوف الٰہی کا عکس نمایاں نظر آتا ہے۔
ایک موقع پر سیدنا حضرت امیر معاویہؓ کے بارے میں میں حضورؐ   نے فرمایا کہ! اے اللہ معاویہؓ کو ہدایت دینے والا، ہدایت پر قائم رہنے والا اور لوگوں کے لیے ذریعہ ہدایت بنا۔ (جامع ترمذی)
حضورؐ نے ایک اور موقعہ پر ارشاد فرمایا کہ! معاویہ بن ابی سفیانؓ میری امت میں سب سے زیادہ بردبار اور سخی ہیں۔ (تطہیر الجنان ص 12)
سیدنا حضرت امیر معاویہؓ سروقد، لحیم و شحیم، رنگ گورا، چہرہ کتابی، آنکھیں موٹی، گھنی داڑھی، وضع قطع، چال، ڈھال میں بظاہر شان و شوکت اور تمکنت مگر مزاج اور طبیعت میں زہد و تواضع، فروتنی، حلم و بردباری اور چہرہ سے ذہانت و فطانت مترشح تھی۔سیدنا حضرت امیر معاویہؓ نے اپنی وفات سے قبل گھر والوں کو دیگر وصیتوں کے ساتھ یہ وصیت بھی فرمائی کہ! ایک مرتبہ میں سفر میں حضورؐ کے ساتھ تھا جب آپؐ نے دیکھا کہ میرا کرتہ کاندھے سے پھٹا ہوا ہے ۔۔۔ آپؐ نے مجھے اپنا کرتہ (قمیص) مبارک عنایت فرمایا، وہ میں نے ایک مرتبہ سے زیادہ نہیں پہنا وہ میرے پاس محفوظ ہے ایک دن حضورؐ نے بال اور ناخن مبارک ترشوائے میں نے تھوڑے سے بال اور تراشے ہوئے ناخن لے لیے تھے وہ بھی میرے پاس محفوظ ہیں۔ دیکھو! جب میں مرجائوں تو غسل دینے کے بعد یہ ناخن اور بال میری آنکھوں کے حلقوں، نتھنوں اور سجدے کے مقامات پر رکھ دینا اور پھر حضورؐ کا عنایت کردہ کرتہ مبارک میرے سینہ پر رکھنا اور اس پر کفن پہنانا۔ مجھے امید ہے کہ اللہ تعالیٰ حضوؐ کی ان چیزوں کی برکت سے میری مغفرت فرما دیں گے۔ ان وصیتوں کے بعد 22 رجب المرجب 60ھ میں کاتب وحی، جلیل القدر صحابی رسولؐ، فاتح شام و قبرص اور 19 انیس سال تک 64 لاکھ مربع میل پر حکمرانی کرنے والے سیدنا حضرت امیر معاویہؓ 78 سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ حضرت ضحاک بن قیسؓ نے آپ کی نماز جنازہ پڑھائی اور دمشق کے باب الصغیر میں دفن کیے گئے۔