ٹیچرز ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد

ٹیچرز ٹریننگ ورکشاپ کا انعقاد

بیوروچیف دوبئی طاہر منیر طاہر
پاکستان ایسوسی ایشن دوبئی کے آڈیٹوریم میں جدید طریقہ تعلیم کے بارے آگاہی کے سلسلہ میں ایک ٹریننگ ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا جس میں امارات بھر کے16سے زائد سکولوں کے 140سے زائد اساتذہ نے شرکت کی۔ ورکشاپ میں جدید طرز کے تقاضوں کے مطابق تربیت یافتہ ماہرین تعلیم نے لیکچرز دیئے جس میں تعلیم میں جدت اور ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیا گیا۔21ویں اور جدید دور کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے اساتذہ کو جدید اور منفرد انداز میں تعلیم و تدریس کے طریقے بتائے گئے جسے مختلف سکولوں کے اساتذہ نے دلچسپی اور دل جمعی سے سنا اور پسند کیا۔ اس ایونٹ کو مفاد عامہ کیلئے شارجہ کی سکائی لائن یونیورسٹی نے سپانسر کیا جبکہ ایونٹ کا اہتمام مسز ثمینہ ناصر انچارج ایجوکیشن کمیٹی پاکستان ایسوسی ایشن دوبئی نے کیا۔اساتذہ کے تربیتی پروگرام میں سکائی لائن یونیورسٹی اسلامیہ ہائر سیکنڈری سکول شارجہ، پاکستانی سکول عمان، شیخ خلیفہ بن زید عرب سکول ابو ظہبی، مصفح کمیونٹی سکول ابو ظہبی، شیخ راشد المکتوم پاکستانی سکول دوبئی، پاکستان ایجوکیشن اکیڈمی العین پرائیویٹ سکول، پاکستان اسلامیہ ہائر سیکنڈری سکول الفجیرہ، پاکستان اسلامیہ ہائی سکول راس الخیمہ، انٹرنیشنل سکول العین، شارجہ برٹش سکول، سکالر انٹرنیشنل اکیڈمی اور HARITATسکول عمان کے اساتذہ نے شرکت کی۔
تربیتی ورکشاپ سے سکائی لائن یونیورسٹی شارجہ کی ڈاکٹر کاکول اور ثمینہ ناصر نے خطاب کیا۔ اس موقع پر قونصلیٹ آف پاکستان دوبئی کی ویلفیئر قونصلر عاصمہ علی بھی موجود تھیں۔ انہوں نے اس تربیتی ورکشاپ کو سراہتے ہوئے کہا کہ جدید دور کے تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے اساتذہ کی تربیت بھی ضروری ہے تاکہ وہ اپنے سٹوڈنٹس کو اچھے طریقے سے پڑھاسکیں PADکے جنرل سیکرٹری طاہر زیدی نے ڈاکٹر کاکول اور ثمینہ ناصر کو اتنا اچھا ایونٹ تربیت دینے پر مبارکباد دی۔ اس موقع پر شرکاءاساتذہ کو شرکت کے سرٹیفکیٹ بھی دیئے گئے۔