پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے

برسلز: وقارملک

پاکستان دنیا میں ایک بہترین ملک ہے جہاں کے عوام باشعور اور محبت سے سرشار ہیں، پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے چند قوتیں پاکستان کی ترقی کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں لیکن ان کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار سابق وزیراعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف نے لندن میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہو رہے ہیں۔ پاکستان میں ان کیلئے سازگار ماحول ہے۔صحافی کے سوال پر کہ پی آئی اے میں تبدیلیاں اور مشیر ہوا بازی سردار مہتاب عباسی دن رات ایک کرکے ایئر لائن کو بہتر بنانے میں مدد گار ثابت ہو کر اسی طرح پاکستان میں ٹورازم کیلئے چودھری غفور نے ایسی تبدیلیاں کیں جس سے سیاحوں میں اضافہ ہوااور وزارتِ ٹور ازم میں تبدیلیاں نظر آ رہی ہیں، دیگر وزارتوں میں بھی آپ براہ راست نگرانی کر رہے ہیں۔ سابق وزیراعظم نے کہا کہ تمام وزرائ، مشیر قوم اور ملک کا درد رکھتے ہیں جس طرح چودھری غفور اور سردار متہاب عباسی دن رات ایک کئے ہوئے ہیں اسی طرح دیگر وزراء بھی کام کر رہے ہیں۔ ہم سب کی کوشش ہے کہ پاکستان کو ایشیاء کا ٹائیگر بنایا جائے قوم سکھ کا سانس لے اور پاکستان دنیا کے نقشے پر عزت و احترام سے دیکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قومی ایئر لائن پاکستان کی سنبل ہے اسے بہتر بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔اوورسیز پاکستانی اپنی ایئر لائن کو استعمال کریں اگر اس سلسلے میں کوئی شکایات ہوں تو مشیر ہوا بازی سے رابطہ کریں وہ اچھے اور محبت وطن انسان ہیں۔ میاں محمد نوازشریف نے کہا کہ وہ جلد پاکستان جائیں گے۔ بیگم کلثوم نواز کی جلد صحت یابی کیلئے قوم کی دعائوں کی ضرورت ہے۔