ٹائیٹل ماڈل ٹائون کلب کے نام

ٹائیٹل ماڈل ٹائون کلب کے نام

فٹبال دنیا کا مقبول ترین کھیل ہے اور پوری دنیا میں اس کھیل کے کروڑوں شائقین موجود ہیں۔ پاکستان میں بھی اس کھیل کا بے حد ٹیلنٹ پایا جاتا ہے مگر مناسب سہولتوں اور حکومتی سرپرستی نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان اس کھیل میں دیگر ممالک کی نسبت خاصا پیچھے ہے۔ مگر خوش آئند بات یہ ہے کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن اپنے طور پر ملک میں اس کھیل کی ترقی و ترویج کے لیے خاصے اقدامات کررہی ہے۔ اس کا اہم ثبوت پاکستانی فٹ بالرز کے غیرملکی کلبوں سے معاہدے اور پاکستان فٹ بال ٹیم کی حالیہ مقابلوں میں بھارت اور دیگر ایشیائی ٹیموں کے خلاف نمایاں کارکردگی ہے۔ لڑکیوں میں کھیل کی صلاحیتیں بہتر بنانے اور کھیل کا شوق پروان چڑھانے کے لیے بھی فٹبال فیڈریشن کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ اسی سلسلے میں حال ہی میں لاہور میں انڈر 16انٹر کلب گرلز فٹبال ٹورنامنٹ کا انعقاد کروایا گیا۔ اس ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے بارہ ٹیموں نے حصہ لیا۔ ابتدائی رائونڈز کے بعد سیمی فائنل مقابلے منعقد ہوئے۔ سیمی فائنل میں دیا وویمن ایف سی کا مقابلہ ماڈل ٹائون ویمن ایف سی لاہور جبکہ ینگ رائنزنگ سٹارز راولپنڈی کا مقابلہ سی ڈی ایس ایس کراچی وارئیرز سے ہوا۔ پہلے سیمی فائنل میں میزبان ماڈل ٹائون ویمن ایف سی لاہور کی ٹیم نے سخت مقابلے کے بعد دیا ویمن ایف سی کراچی کی ٹیم کو ایک صفر سے شکست دی۔ ماڈل ٹائون لاہور کی ٹیم کی طرف سے میچ کا واحد گول زہرا حمید نے کیا۔ دوسرے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن ینگ رائزنگ سٹارز راولپنڈی نے سی ڈی ایس ایس کراچی وارئیرز کو یک طرفہ مقابلے کے بعد پانچ صفر سے شکست دی۔
فائنل میں ماڈل ٹائون ویمن ایف سی لاہور اور دفاعی چیمپئن ینگ رائزنگ سٹارز راولپنڈی کی ٹیموں کے درمیان مقابلہ ہوا۔ فائنل میں سخت مقابلے کے بعد ماڈل ٹائون ویمن ایف سی لاہور کی ٹیم نے بہت دلچسپ اور سخت مقابلے کے بعد دفاعی چیمپئن ینگ رائزنگ سٹارز راولپنڈی کو ہرا کر ٹورنامنٹ جیت لیا۔فائنل میں فیصلہ کن گول ماڈل ٹائون کی دعا گیلانی نے کیا۔ انھیں ویمن آف دی میچ کے علاوہ ٹورنامنٹ کی بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا۔ ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم کو ایک لاکھ، جبکہ رنرز اپ ٹیم کو 75ہزار روپے انعام دیا گیا۔سب سے زیادہ گول کرنے والی کھلاڑیوں ینگ رائزنگ سٹارز کی یسریٰ ملک اور ایمان فیاض کو نقد انعام دئیے گئے۔ بہترین گول کیپر کا ایوارڈ ٹورنامنٹ کی رنر اپ سائیڈ کی میرل عارف کو دیا گیا۔ ٹیموں اور کھلاڑیوں میں انعامات مہمان خصوصی پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر کرنل (ر) احمد یار خان لودھی نے تقسیم کیے۔
پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر فیصل صالح حیات کا کہنا ہے کہ ہم ملک میں کھیل کی ترقی اور ترویج کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہے ہیں اور اس حوالے سے وومن فٹبال کے فروغ کے لیے بھی بھرپور اقدامات کررہے ہیں۔ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی کوشش ہے کہ فٹ بال کے فروغ کے لیے اپنا کردار بھرپور اندازمیں ادا کرے اور گراس روٹ لیول پر بھی لڑکوں اور لڑکیوں کے مقابلے منعقد کروائے جائیں۔
پاکستان فٹ بال فیڈریشن کی کاوشوں سے پاکستان میں فٹ بال کا کھیل کس قدر ترقی کرے گا اس بات کا جواب تو وقت ہی دے گا مگر اس طرح کے ٹورنامنٹس کا تسلسل سے انعقاد بہرحال اس کھیل سے دلچسپی رکھنے والے کھلاڑیوں کے لیے یقیناً خوش آئند ہے۔