حلقہ ارباب ذوق کا 75واں سالانہ جلسہ

حلقہ ارباب ذوق کا 75واں سالانہ جلسہ

حلقہ ارباب ذوق کا 75واںسالانہ اجلاس پلاک میں ہوا  جس کی صدارت ڈاکٹر خواجہ محمد زکریا نے کی جب کہ اسٹیج پر ڈاکٹر غافر شہزاد سیکرٹری حلقہ کے علاوہ مجلسِ عاملہ کے ارکان ڈاکٹر شاہدہ دلاور شاہ، اعجاز رضوی اور زاہد مسعود موجود تھے۔جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے غافر شہزاد نے کہا کہ ان کے دو برسوں پر محیط دورمیں انہوں نے 101بھر پور سالانہ اجلاس کروائے۔ان میں خصوصی موضوعات اور خصوصی شخصیات پر بھی اجلاس ہوئے اور 1980کی دہائی میں متعارف ہونے والے ادیبوں اور شاعروں کے تخلیقی سفر کا بھی اعتراف کیا گیا، ’نئی کتاب‘ کا سلسلہ شروع کیا گیا جس میں ہر اجلاس کے آخر میں کسی بھی نئی اور اہم شائع ہونے والی کتاب کے بارے میں پانچ منٹ کی تعارفی گفتگو کی جاتی ۔ڈاکٹر خواجہ محمد زکریا نے اپنے سالانہ خطبے میں کہا کہ اس وقت آئین کے اندر تبدیلیوں کی ضرورت ہے تا کہ آنے والے وقتوں میں حلقہ ارباب ذوق بہتر طور پر ادیبوں اور شاعروں کو پلیٹ فارم مہیا کر سکے۔سالانہ اجلاس کے آخر میں ڈاکٹر غافر شہزاد نے حلقہ کی ذمہ داریاں نو منتخب سیکرٹری ڈاکٹر امجد طفیل اور جوائنٹ سیکرٹری علی نواز شاہ کے حوالے کیں اور کہا کہ میرا یہ دو سال کا تجربہ نہایت خوشگوار رہا اور میں نے بہت کچھ سیکھا۔ آئندہ بھی جب جب حلقہ کو میری ضرورت پڑی، میں حاضر رہوں گا۔ نومنتخب سیکرٹری  نے الیکشن آفیسر فرحت عباس شاہ،  ڈاکٹر غافر شہزاد اور مجلسِ عاملہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے حلقہ کی جمہوری روایات کو بحال کیا اور ایک غیر جانب دارانہ شفاف الیکشن کروا کر حلقہ کے انتظامی امور نئے منتخب ہونے والے عہدیداروں کے حوالے کیے۔

ریاض الرحمن ساغر
 قادر کلام شاعر  اور دردمند  پاکستانی تھے : خالد چودھری
معروف شاعر و صحافی ریاض الرحمن ساغر کی دوسری برسی کے موقع پر ماہنامہ ’’ادب لطیف‘‘ اور ’’چودھری اکیڈمی‘‘ کی جانب سے اردو بازار میں تعزیتی اجلاس کا اہتمام کیا گیا جس میں مرحوم کی ادبی و صحافتی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے بابائے اردو بازار چودھری محمد خالد نے کہا کہ ریاض الرحمن ساغر ایک قادرالکلام شاعر ہونے کے ساتھ ساتھ ایک دردمند اور سچے پاکستانی تھے۔ انہوں نے ساری زندگی محبتیں بانٹی اور محبتیں کمائیں۔ اجلاس میں قمرالزمان بابر، امتیاز علی، شیخ قاسم عباس، حماد احمد سہیل، چودھری عادل شہزاد، خالد محمود، غفور خان، محمد حسیب چیمہ، ملک محمد علی، شیخ عبدالکریم، چودھری سرفراز اور سید اختر علی نے شرکت کی۔