راستے سعادت کے
حضرت ابوایوب انصاری رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں،حضوراکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:جو شخص (قیامت کے دن)اس حال میں آیاکہ وہ اللہ کی عبادت پر کاربند رہا،اس کے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرایا،نماز قائم کی ،زکوٰة اداکی،رمضان کے روزے رکھے اورکبائر سے اجتناب کرتا رہاتویقینااس کے لیے جنت ہے۔صحابہ کرام نے استفسارکیا، کبائرکیا ہیں؟ ارشادہوا!اللہ کے ساتھ کسی کو شریک ٹھہرانا ،مسلمان جان کو ناحق قتل کرنا اورجنگ کے روز پشت دے کر بھاگ جانا۔(نسائی،احمد)
حضرت عبادہ بن صامت رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں،حضور نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:جس شخص نے شہادت دی کہ اللہ کے سواءکوئی معبود نہیں ،وہ یکتاہے،اس کا کوئی شریک نہیں اورمحمد(صلی اللہ علیہ وسلم)اللہ کے بندے اوراس کے رسول ہیں، اورعیسیٰ علیہ السلام اللہ کے بندے اوراس کے رسول ہیں اوراس کی کنیز کے بیٹے ہیںاوراس کی وہ نشانی ہے جس کواللہ تبارک وتعالیٰ نے مریم علیہا السلام کے وجود میں القاءکیااوروہ اللہ کے حکم سے پیداہوئے۔جنت حق ہے، جہنم حق ہے،(قیامت میں)دوبارہ اٹھایا جانا حق ہے ،تو اللہ تبارک وتعالیٰ ایسے شخص کو جنت کے آٹھوں دروازوں میں سے جس سے چاہے گا داخل فرمادے گا،خواہ اس کے اعمال کیسے ہی ہوں۔(بخاری، مسلم)
حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں ،حضور علیہ الصلوٰة والسلام نے ارشادفرمایا:جس شخص نے دنیا سے اس حال میں رحلت کی کہ وہ اللہ وحدہ لاشریک کے ساتھ مخلص ایمان والا تھا،خالص اسی کی عبادت کرتا تھا، نماز قائم کرتا تھا،زکوٰة اداکرتا تھا۔۔۔تواللہ رب العزت کی قسم !اس کی موت اس حال میں آئی ہے کہ اللہ کریم اس سے راضی ہے۔( ا بن ماجہ)
حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیںکہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا:
اللہ تبار ک وتعالیٰ (جہنم میں)سب سے ہلکے عذاب والے شخص سے ارشادفرمائے گا،اگر تیر ے پاس پوری زمین کی مقدار جتنا مال ہوتو کیا تو اس کے عوض میں اپنی جان چھڑانا پسند کرے گا؟بندہ عرض کرے گا،اے میرے پروردگار ،کیوں نہیںرب ذوالجلال ارشادفرمائے گا میںنے تجھ اس سے بھی ہلکی چیز کا سوال کیا تھا جب کہ تو ابھی آدم (علیہ السلام ) کی پشت میں تھا وہ یہ کہ میرے ساتھ کسی کو شریک نہ ٹھہرانامگر تو شرک کرنے پر مصررہا۔ (بخاری ،مسلم)
حضرت انس رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں،حضور انورصلی اللہ علیہ وسلم نے ارشادفرمایا:قیامت کے دن جب اللہ تعالیٰ تمام مخلوقات کو اٹھا ئے گا تو ایک منادی کرنے والا عرش کے نیچے سے تین مرتبہ ندا دے گا اے توحید پرستو!اللہ نے تمہیں معاف فرمادیا ہے ،لہٰذا تم بھی ایک دوسرے کو معاف کردو۔(ابن ابی الدنیا)