اقوال اما م عالی مقام ؓ(۱)

کالم نگار  |  رضا الدین صدیقی
اقوال اما م عالی مقام ؓ(۱)

٭ظالموں کے ساتھ زندہ رہنا بجائے خود ایک جر م ہے۔ ٭عزت کی موت ذلت کی زندگی سے بہتر ہے۔ ٭طاقت وقوت کینے کو ختم کر دیتی ہے۔ ٭غیرتمندکبھی بے غیرتی کا کام نہیں کرتا! ٭حکمرانوں کی بری عادات میں سے دشمنوں کے روبرو بزدلی ، ضعیف وناتواں کے سامنے جرأت اور عطا کرنے میں بخل وکنجوسی ہیں۔ ٭حاجت مند نے سوال کرنے سے پہلے اپنے چہرے کو محترم ومکرم نہیں سمجھا ،لہٰذا تو اپنے چہرے کو سوال رونہ کرنے سے محترم ومکرم قرار دے!٭غیبت کرنے سے رک جا، کیونکہ غیبت جہنم کے کتوں کا سالن ہے۔ ٭جنت کی چاہ میں عبادت تاجرانہ ہے، جہنم کے خوف سے عبادت غلامانہ ہے اور ادائے شکر کے لیے عبادت آزادانہ اور باعث فضیلت ہے۔ ٭حق قبول کرنے کی علامات میں سے ایک علامت اہل عقل کے پاس بیٹھنا ہے۔ ٭اپنے اقوال وافعال کی جانچ پر کھ اور فکر ونظر کے حقائق جاننا عالم کی نشانیوں اور دلائل میں سے ہے۔ ٭جو شخص اللہ کی عبادت ایسے کرے کہ جیسے اس کا حق ہے تو اللہ اسے امیدوں اور قدر کفایت سے بھی زیادہ عطا فرمائے گا! ٭جس کام کو پورا کرنے کی ہمت نہ ہو اسے اپنے ذمہ مت لو۔ ٭جس چیز کو تم سمجھ سکتے ہو اور نہ ہی حاصل کرسکتے ہو اس کے درپے کیوں ہوتے ہو۔ ٭جب تم جان لو کہ تم حق پر ہو تو پھر نہ جان کی پروا کرو نہ مال کی ٭جلدبازی حماقت ہے اور انسان کی سب سے بڑی کمزوری بھی ۔٭جو کوئی اپنے مذہب کو قیاس کے ترازو میں تولتا ہے وہ ہمیشہ شکوک وشبہات میں پڑا رہتا ہے۔ ٭اپنے کام کے صلے کی واجب سے زیادہ امید نہ رکھو! ٭بہترین سکون یہ ہے کہ خداکی اطاعت پر خوش رہو۔ ٭عظمت وبزرگی کا بہترین ذریعہ سخاوت اورنیک عمل ہے۔ ٭بے آسرااور مایوس لوگوں کی مدد کرنیوالا ہی اعلیٰ درجے کا فیاض ہے۔ ٭انسانی اقدار کے حصول میں ایک دوسرے پر سبقت کی کوشش کرواور (معنوی )خزانوں کیلئے جلدی کرو!٭ سب سے زیادہ سخی وہ ہے جو ان کو بھی دے،جن کو اس سے کوئی امید نہ ہو۔٭اگرتم کسی کو دیکھو کہ وہ لوگوں کی غیبت کرتا ہے تو کوشش کرو کہ وہ تم کو نہ پہچان سکے۔ ٭آرزوئوں کا کم ہونا اور جتنا اس کیلئے کافی ہوجائے اس پر راضی رہنا ہی فی الحقیقت مال داری ہے۔ ٭جس کام کو کرنا چاہتے ہو اس کو اس شخص کی طرح انجام دو جو یہ جانتا ہے کہ ہر گنا ہ کی سزا ہے اور ہر نیکی کی جزا ہے۔ ٭اپنے بر ادر (مومن )کے پس پشت وہی بات کہو جو تم کو پسند ہو کہ تمہارے پس پشت تمہارے بارے میں کہی جائے۔ ٭حر ص اور زیادہ طلبی معیوب بھی ہے اور مضرت رساں بھی ۔ ٭علم اور بردباری انسان کی سیرت کو آراستہ کرتی ہے۔ ٭ذلیل اور پست فطرت لوگوں کی صحبت سے بچو!٭تمہارا سب سے زیادہ مشفق دوست تمہارا دین ہے۔٭ذلیل وہی ہے جو بخیل ہے۔