٭ اور جو ایمان والے ہیں وہ اللہ (رب العزت) سے سب سے زیادہ محبت کرنیوالے ہیں۔ (البقرہ: 165) ٭ حضرت ابوہریر رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں۔ رسول اللہ(ﷺ) نے ارشاد فرمایا: یقینا ایمان اس شخص کے دل میں ٹھہرتا ہے جو اللہ سے محبت رکھتا ہو۔ (الدیلمی، ابن نجار) ٭ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں۔ حضور اکرم(ﷺ) نے ارشاد فرمایا: تم میں سے کوئی اس وقت تک مومن نہیں ہو سکتا جب تک اللہ تبارک و تعالیٰ ہی کیلئے محبت کرنے والا نہ بن جائے۔ (مسند امام احمد بن حنبل) ٭ حضرت ایاس بن سہل الجھنی روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ(ﷺ) نے فرمایا: ایمان کا افضل درجہ یہ ہے کہ تم اللہ ہی کیلئے محبت کرو اور اللہ ہی کیلئے نفر ت کرو اور اپنی زبان کو ہمیشہ اللہ رب العزت کے ذکر سے تر رکھو۔ (کنز العمال) ٭ حضرت انس رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ حضور انور(ﷺ) نے ارشاد فرمایا: تم میں سے کوئی اس وقت تک مومن نہیں ہو سکتا جب تک اس کی اولاد اس کے ماں باپ اور تمام انسانوں سے زیادہ محبوب نہ ہو جائوں۔ (بخاری، مسلم، ابن ماجہ) ٭ حضرت عبداللہ بن عمر و بن عاص رضی اللہ عنہ سے روایت ہے۔ حضور نبی رحمت(ﷺ) نے ارشاد فرمایا: تم میں سے کوئی شخص مومن نہیں ہو سکتا جب تک اس کی ہوائے نفس میری لائی ہوئی ہدایت کے تابع نہ ہو جائے۔ (شرح السنۃ) ٭ حضرت عبداللہ ابن عمر رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں حضور اکرم(ﷺ) نے فرمایا: سب سے اعلی ایمان یہ ہے کہ انسانیت تجھ سے مامون ہو جائے۔ سب سے اعلی اسلام یہ ہے کہ انسانیت تیرے ہاتھ سے اور تیری زبان سے محفوظ ہو جائے اور سب سے اعلی ہجرت یہ ہے کہ تم برائیوں کو چھوڑ دو، اور سب سے اعلیٰ جہاد یہ ہے کہ تم شہید ہو جائو، اور تمہارا گھوڑا زخمی ہو جائے۔ (طبرانی) ٭ حضرت عمر بن عبسہ روایت کرتے ہیں۔ حضور انورﷺ نے ارشاد فرمایا: افضل ایمان اچھا اخلاق ہے۔ (طبرانی) ٭ حضرت جابر رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں نبی کریم(ﷺ) نے فرمایا: افضل اسلام والا وہ شخص ہے جس کی زبان اور ہاتھ سے دوسرے مسلمان محفوظ رہیں، اور سب سے کامل ایمان والا شخص وہ ہے جس کے اخلاق سب سے اچھے ہوں، سب سے اچھی نماز وہ ہے جس میں قیام طویل ہو اور سب سے افضل صدقہ اس شخص کا ہے جو خود تنگ دست ہو۔ (کنزالعمال) ٭ حضرت عبادہ ابن صامت روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ(ﷺ) نے فرمایا: سب سے افضل ایمان یہ ہے کہ تمہیں یقین ہو جائے کہ تم جہاں بھی ہو اللہ تمہارے ساتھ ہے۔ (ابو نعیم، طبرانی) ٭ حضرت حذیفہ بن یمان رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ حضور نبی کریم(ﷺ) نے ارشاد فرمایا: جس شخص نے لاالہ الا اللہ کی شہادت دی اور فجر کی نماز کی محافظت کی اور کسی ناجائز خون ریزی سے اپنے ہاتھ رنگین نہ کئے تو وہ جنت میں داخل ہو جائیگا۔ (کنز العمال)
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38