حضرت طلحہ بن عبید اللہ فرماتے ہیں : علاقہ نجد کا رہنے والا ایک شخص جس کے بال پر اگندہ تھے۔ جناب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف آیا،وہ کچھ کہہ رہا تھا کہ ہم اس کی بھنبھنا ہٹ تو سن رہے تھے ۔مگر اسے سمجھ نہیں پا رہے تھے۔ جب وہ بالکل قریب آگیا تو ہم نے سناکہ وہ سوال کر رہا ہے کہ مجھے اسلام کے ان خاص احکام سے مطلع فرمائیے ۔جن پر عمل کر نا بحیثیت مسلمان میرے لیے اور سب کے لیے ضروری ہے۔ آپ نے فرمایا : پانچ تو نمازیں ہیں دن اور رات میں ، اس نے عرض کیا کہ انکے علاوہ کوئی اور نماز بھی میرے لیے ضروری ہوگی؟ آپ نے فرمایا : نہیں ، البتہ تم اپنی خوشی سے جتنے نوافل چاہو اداکرو۔ پھر آپ نے ارشاد فرمایا : ماہِ رمضان کے روزے فرض ہیں ۔ اس نے عرض کیا ،کیا رمضان کے علاوہ کوئی روزہ بھی میرے لیے لازم ہے۔ آپ نے فرمایا : نہیں ،لیکن تم نفلی روزے رکھ سکتے ہو۔ اس کے بعد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس شخص کوفریضہ زکوٰۃ کی ادائیگی سے روشناس کروایا۔ اس نے پوچھا :کیا زکوٰۃ کے علاوہ کوئی اور صدقہ بھی اداکر نا ضروری ہے۔ آپ نے ارشادفرمایا نہیں ،مگر تم اپنے دل کی خوشی سے اللہ کی راہ میں نفلی صدقہ دے سکتے ہو۔ دوسری روایت میں ہے کہ جنابِ رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم نے اس شخص کو شریعت اسلامیہ کے احکام بتائے(یعنی تمام بنیادی باتوں سے باخبر کیا)۔اس کے بعد وہ شخص لوٹ گیا اور وہ کہتا جارہا تھا کہ مجھے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جو بتایا میں اس میں کوئی کمی یا زیادتی نہیں کروں گا۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کی بات سن کر فرمایا: اگر یہ سچا ہے تو اس نے فلاح (دونوں جہانوں کی کامیابی ) پالی ۔ (بخاری، مسلم) حضرت ابو ایوب رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں ۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک سفر میں تھے کہ ایک بدوی (دیہاتی شخص)سامنے آکھڑا ہوا اور بڑی بے تکلفی سے آپ کی اونٹی کی مہار پکڑ لی،اور کہا : اے اللہ کے رسول مجھے وہ بات بتائیے جو مجھے جنت سے قریب اور جہنم سے دور کردے۔ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم ٹھہر گئے۔ آپنے اپنے رفقاء کی طرف دیکھا (انھیں متوجہ پاکر ) فرمایا :اس شخص کو اچھی (بات پوچھنے کی ) توفیق ملی پھر آپ نے اس سائل سے فرمایا : ذرا پھر سے کہنا تم نے کیا کہا ،اس نے اپنا سوال دہرادیا۔ (مجھے وہ بات تلقین فرمائیے جو جنت سے قریب اور دوزخ سے دور کر دے)حضور نے ارشاد فرمایا : اللہ کی بندگی کرو اور کسی چیز کو اس کے ساتھ شریک نہ ٹھہرائو ۔ نماز قائم کرتے رہو۔ زکوٰۃ اداکرتے رہواور صلہ رحمی کرو(یعنی اپنے قریبی رشتہ داروں کے ساتھ حسن سلوک سے پیش آئو،اور ان کے حقوق اداکرو)۔یہ بات ختم فر ما کر حضور نے اس اعرابی سے (بڑی خوش طبعی سے ) فرمایا :(بھئی) اب ہماری اونٹی کی مہار چھوڑدو۔(مسلم)
اسوئہ خیر الوریٰ ہے رنگ وبَو کا اک جہاں
آپ کا احسان ہے قلب و نظر کی روشنی
پنجاب حکومت نے پیر کو چھٹی کا اعلان کر دیا
Mar 28, 2024 | 17:38