کسب ،رزق،برکت(۸)

کالم نگار  |  رضا الدین صدیقی
کسب ،رزق،برکت(۸)

٭ حضور رہبرانسانیت صلی اللہ علیہ وسلم ارشادفرماتے ہیں :اپنے رشتہ داروں اور عزیزو اقارب سے اچھا سلوک کرنا، حسن اخلاق اوراپنے پڑوسیوں سے نیک برتائو ایسے اعمال ہیں جو شہروں اوربستیوں کو آباد اورخوشحال رکھتے ہیں ، لوگوںکی عمر میں اضافے کا باعث بنتے ہیں اورزندگیوں میں خیر وبرکت لاتے ہیں۔(ترمذی، احمد)
٭علم انساب سے آگہی حاصل کرو اور اسکے ذریعے سے صلہ رحمی کرو(عزیز واقارب سے) صلہ رحمی دولت وثروت میں اضافے اورعمر میں برکت کا سبب ہے۔(ترمذی، احمدبن حنبل)٭اللہ تعالیٰ کے راستے میں دیتے ہوئے شمار مت کرو تاکہ اللہ تعالیٰ بھی تمہیں بے حساب عطاء کرے اگر گن کر دوگے تو تمہیں بھی گن کر ہی عطاء کیاجائے گا۔ (سنن نسائی)
٭ کیا تمہیں خبر ہے کہ آسمان میں ایک فرشتہ یہ دعا کرتا رہتا ہے ، اے اللہ تیرا جو بندہ نیکی کے کاموں میں اپنا مال خرچ کرے تو اسے بہترین اجر عطافرمااور جو مال اس نے خرچ کیا ہے اس کے بدلے میں اسے دوہرا مال عطاء فرما، اے اللہ!جو انسان تیری راہ میں مال خرچ کرنے سے گریز کرے تو اس کا مال ضائع کردے۔(طبرانی)
٭ جس گھر میں کوئی مہمان ہواس گھر کی طرف خیر وبرکت اس طرح دوڑ تی ہے جیسے اونٹ کی کوہان پر چھڑی بلکہ اس سے بھی زیادہ تیز۔(ابن ماجہ)٭ جس شخص کا کھانا پاکیزہ ،طیب اورصاف ستھرا ہو، اس کے دین میں ،رزق میں اور کھانے پینے میں برکت اورفراخی آتی ہے۔(طبرانی، کنزالعمال)
٭ اپنے گھر میں کثرت سے نماز (نوافل) پڑھا کرو، اس سے تمہارے گھروں کی خیروبرکت میں اضافہ ہوگا۔(صحیح مسلم)٭اپنے گھروں کو قرآن پاک کی تلاوت سے مزین کرو بے شک وہ گھر جس میں قرآن پڑھا جائے وہ اپنے مسکینوں کیلئے کشادہ ہوجاتا ہے ، اس میں خیروبرکت بڑھتی ہے (رحمت کے ) فرشتوں کا نزول ہوتاہے،اورشیطان وہاں سے اپنا بسیرا اٹھالیتا ہے۔ اورجس گھر میں قرآن کی تلاوت نہ ہو وہ اپنے مسکینوں کے لیے تنگ ہوجاتا ہے ۔اس میں خیروبرکت کم ہوجاتی ہے ، فرشتے وہاں آنا چھوڑ دیتے ہیں اورشیطان وہاں اپنے ٹھکانہ بنالیتے ہیں۔(کنزالعمال)
٭ اپنے گھروں کونماز اورتلاوت قرآن سے آباد رکھو کیونکہ تمام گھروں میں سب سے زیادہ فقروافلاس کا نشانہ وہ گھر ہے جو نماز اورتلاوت سے خالی ہو۔(دیلمی)٭جب انسان گناہ کامرتکب ہوتا ہے تو رزق سے محروم کردیا جاتا ہے۔(ابن ماجہ، احمدبن حنبل)٭جو شخص کثرت استغفار کرنا اپنا معمول بنالے گا، اللہ تبارک وتعالیٰ اس کا ہر غم دورکردیگا، ہر مشکل آسان فرمادے گا،اوراسے وہاں سے رزق عطاکرے گاجہاں سے اس کو گمان بھی نہ ہوگا۔