عہد نبوی میں تین افراد کو قبولِ اسلام کا شرف حاصل ہوا، پھر ان کے دل میں یہ اشتیا ق پیدا ہوا کہ وہ مدینہ منورہ حاضر ہوکر اللہ کے پیارے محبوب کی زیارت کریں اور معمولاتِ نبوی کابغور مشاہدہ بھی کریں۔ تاکہ اس کی روشنی میں اپنے لیے ایک لائحہ عمل تشکیل دے سکیں ۔ حضور کی بارگاہ میں حاضری سے پہلے ان کے ذہن میں معمولات نبوی کا ایک خاکہ سا تھا۔ وہ سمجھتے تھے کہ اللہ کے نبی تعلقاتِ ازدواجی سے بالکل کنارہ کش ہوں گے، ہمیشہ روزے رکھتے اور ہمیشہ شب بیداری فرماتے ہوں گے۔مدینہ منورہ میں حاضر ہوئے تو ان کے علم میں یہ بات آئی کہ حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے تو عائلی زندگی اختیار فرمائی ہے۔ آپ شب بیداری بھی فرماتے ہیں اور (رات کے کچھ حصے میں ) محوِ استراحت بھی ہوجاتے ہیں ۔ نفلی روزوں کا اہتمام بھی فرماتے ہیں اور ان میں ناغہ بھی فرماتے ہیں ۔ انھوں نے آپس میں مکالمہ کیا کہ بات کچھ یوں معلوم ہوتی ہے کہ اللہ کے نبی تو غلطیوں اور خطائوں سے پاک ہوتے ہیں ،لہٰذا آپ کے خانگی معاملات ، روزوں میں ناغہ اور رات کے کچھ حصہ میں سورہنا ، آپ کی روحانیت کے منافی نہیں ہوسکتا ۔ لیکن ہم لوگوں سے چونکہ گناہوں کا صدور ممکن ہے ،لہٰذا ہمیں اپنے معاملات میں بڑی احتیاط کی ضرورت ہے۔ ان میں سے ایک نے اعلان کیاکہ میں ساری زندگی کنوارا رہوں گا اور کبھی شادی نہیں کروں گا۔ دوسرے نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ہمیشہ روزوں کا التزام کرے گا۔ (اورامکانی حد تک کھانے پینے سے اجتناب کرے گا)۔ان کے تیسر ے دوست نے اپنا ارادہ کچھ یوں ظاہر کیا کہ وہ دائمی شب بیداری کو اپنا معمول بنائے گا (اور کم سے کم سویا کرے گا) یہ باتیں کشاں کشاں جناب رسالت مآب صلی اللہ علیہ وسلم کے گوشِ مبارک تک پہنچ گئیں ۔ آپ مسجد نبوی میں تشریف لائے ۔ آپ کے چہرئہ مبارک پر کچھ کچھ کبیدگی کے تاثرات تھے۔ آپ نے استفسار فرمایا کہ مجھ تک کچھ ایسی خبر پہنچی ہے کہ کچھ لوگوں نے ایسے ایسے عزائم کا اظہارکیا ہے ۔ لوگوں نے تصدیق کی۔آپ نے ارشاد فرمایا : میں تم سب سے زیادہ اللہ سے ڈرنے والا ہوں اور اس کا خوف رکھنے والا ہوں لیکن میں روزہ بھی رکھتا ہوں اور افطار بھی کرتا ہوں ،نمازکے لیے شب بیداری بھی کرتا ہوں اور سوتا بھی ہوں اور میں نے خواتین سے نکاح بھی کیا ہے۔(یادرکھو یہی میرا طریقہ ہے)جس نے میرے طریقے سے اعراض کیا اس کا مجھ سے کوئی تعلق نہیں۔(بخاری ، مسلم ،نسائی ،احمد)
میرے ذہن میں سمائے خوف کو تسلّی بخش جواب کی ضرورت
Apr 17, 2024