کراچی کے علاقے پرانا گولیمار اور اس سے ملحقہ آبادیوں میں جرائم پیشہ گروپوں کے درمیان منگل کی صبح مسلح تصادم شروع ہوا جس کے بعد علاقے میں وقفہ وقفہ سے فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا ۔ فائرنگ کے بعد متاثرہ علاقے میں کاروبار زندگی مکمل طور پر معطل ہوگیا جبکہ علاقے کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ ادھر صدر کے علاقے میں بھی نامعلوم افراد کی فائرنگ کے بعد دکانداروں نے احتجاجا سڑکوں پر ٹائر جلائے اور دکانیں بند کردیں لیکن کچھ دیر بعد پولیس کی مداخلت سے دکانیں دوبارہ کھول دی گئیں۔