شریف برادران کی نااہلی سے پیدا ہونیوالا بحران اوباما انتظامیہ کیلئے آزمائش بن سکتا ہے: نیویارک ٹائمز

نیویارک (ندیم منظور سلہری) امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کے مطابق پاکستان میں شریف برادران کی نااہلی سے پیدا ہونیوالا سیاسی بحران اوباما انتظامیہ کیلئے ایک آزمائش بن سکتا ہے۔ اخبار لکھتا ہے کہ امریکہ نواز صدر آصف زرداری اور بڑے اپوزیشن لیڈر نوازشریف کے درمیان شدت اختیار کرتی ہوئی سیاسی جنگ ایسے موقع پر اوباما انتظامیہ کیلئے ایک بڑے بحران کی شکل اختیار کرسکتی ہے جبکہ وہ کوششیں کررہی ہے کہ پاکستانی حکومت اپنی تمام تر توجہ القاعدہ اور طالبان کیخلاف لڑنے پر دے۔ اخبار نے سیاستدانوں اور تجزیہ نگاروں کے حوالے سے لکھا ہے کہ صدر زرداری اور سابق وزیراعظم نوازشریف کے درمیان محاذ آرائی کے باعث دہشت گردی کیخلاف جنگ سے توجہ ہٹ جائے گی۔ اس صورتحال میں سیاسی اتحادوں میں بھی تبدیلی آئے گی اور مذہبی جماعتوں کیلئے نئے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ یہ صورتحال امریکی مفادات کے منافی ہوگی۔ تجزیہ نگاروں کے مطابق اگر صورتحال بدترین شکل اختیار کرگئی تو پھر فوج ایک بار پھر اقتدار پر قبضہ کرسکتی ہے۔ سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق امریکی حکومت کو سپریم کورٹ کے فیصلے پر حیرانی ہوئی ہے کیونکہ اس فیصلے نے ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتوں کو ایک بار پھر آمنے سامنے لاکھڑا کیا ہے۔