عالمی شہرت یافتہ گلوکار کی وفات دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی‘ طبی عملے نے بھی تصدیق کردی

لاس اینجلس / نیویارک (آن لائن+ طیبہ ضیائ) عالمی شہرت یافتہ امریکی پاپ کنگ مائیکل جیکسن دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق تھرلر اور بلی جین البمز سے عالمی سطح پرشہرت حاصل کرنے والے مائیکل جیکسن کو دل کے عارضے کی شکایت پر لاس اینجلس کے یو سی ایل اے میڈیکل سینٹر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ انتقال کرگئے۔ 50 سالہ کلرڈ امریکی پاپ اسٹار نے متعدد مرتبہ جلد کی سرجری کروائی اور اپنی کالی رنگت کو گورے رنگ میں تبدیل کروالیاتھا جس کے باعث وہ کچھ عرصے سے جلد کے کینسر میں مبتلا تھے تاہم اس سلسلے میں ان کے ٹیسٹ ہورہے تھے واضح رہے کہ مائیکل جیکسن نے آئندہ ماہ کی13تاریخ سے لندن میں کونسرٹس کے ذریعے گائیکی کی دنیا میں واپسی کا اعلان کررکھا تھا۔جس کے تمام ٹکٹ فروخت ہوچکے تھے اور اس سلسلے میں وہ لاس اینجلس میں دوماہ سے ریہرسل بھی کررہے تھے۔کنگ آف پاپ مائیکل جیکسن کے گیتوں کے ساتھ ان کا بریک ڈانس بھی بہت پاپولر تھا۔انہوں نے اپنی پرفارمنس کا آغاز چالیس سال قبل بطور چائلڈ اسٹار بینڈ دی جیکسن فائیو سے کیا،جبکہ ان کے البم تھرلر نے دنیا بھر میں تہلکہ مچادیا۔خاص طور پر اس البم کے ایک نمبر میں قبرسے مردوں کا نکل کر مائیکل جیکسن کے ساتھ بریک ڈانس کرنے کے مناظر پر مبنی ویڈیو نے انھیں عالمی شہرت سے ہمکنار کیا۔ان کی بہن جینٹ جیکسن بھی معروف پاپ اسٹار ہیں۔