کشن گنگا ڈیم کیس:عالمی ثالثی عدالت میں 20 اگست کو طلبی

نیو یارک(نوائے وقت نیوز+ثناءنیوز) پاکستان اور بھارت کے درمیان کشن گنگا ڈیم کا کیس حتمی مرحلے میں داخل ہوگیا۔عالمی بنک کی ثالثی عدالت نے حتمی سماعت کیلئے دونوں ممالک کے نمائندوں کو 20اگست کو طلب کرلیا۔ ثالثی عدالت ہالینڈ کے شہر ہیگ میں 20سے 30اگست تک حتمی سماعت کرے گی۔ عالمی ثالثی عدالت کی طرف سے اٹھارہ سالہ پرانے اس متنازعہ منصوبے کا فیصلہ جلد سنائے جانے کا امکان ہے۔ پاکستانی حکام لندن میں وکلاکےساتھ کیس کی پیروی کی تیاری کررہے ہیں۔ کمشنر برائے سندھ طاس جماعت علی شاہ نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ اس کیس کی آخری سماعت جنوری تا فروری دوہزار گیارہ میں ہوئی تھی جس کے بعد پاکستان نے کشن کنگا ڈیم کی تعمیر رکوانے کی کوئی سنجیدہ کوششں نہیں کی۔انہوں نے کہا کہ اس تنازعہ کا یہ فیصلہ بھی ہوسکتا ہے کہ بھارت کو اس شرط کے ساتھ ڈیم مکمل کرنے کی اجازت مل جائے کہ وہ ڈیم بھرنے کے لئے پاکستان کا پانی نہیں روکے گا۔