وزیراعظم نواز شریف کی اوپن ہارٹ سرجری لندن میں ہو رہی ہے , شہباز شریف اور خاندان کے دیگر افراد بھی ہمراہ ہیں
لندن میں وزیراعظم نواز شریف کی اوپن ہارٹ لندن میں ہو رہی ہے۔ وزیراعظم نواز شریف کو لندن کے مقامی وقت کے مطابق صبح سویرے ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف ، حمزہ شہباز ، اہلیہ کلثوم نواز سمیت دیگر خاندان کے افراد ان کے ہمراہ موجود ہیں ۔ نواز شریف نے سرجری سے پہلے اپنی والدہ سے بھی ٹیلیفون پر رابطہ کیا اور ان سے دعائیں لیں جبکہ خاندان کے دیگر افراد سے بھی ملے.
اوپن ہارٹ سرجری سے پہلے نواز شریف کے تمام ٹیسٹ کیے گئے ۔ دنیا کے ماہر ترین سرجن اور ڈاکٹرز کی ٹیم وزیراعظم نواز شریف کی سرجری کیلئے موجود تھی ۔ سیکیورٹی وجوہات کی وجہ سے ہسپتال کا نام نواز شریف کو منتقل کرنے سے پہلے نہیں بتایا گیا ۔
آپریشن کے بعد وزیراعظم کو آئی سی یو میں ہی رکھا جائے گا جہاں ماہر ڈاکٹرز کی ٹیم چوبیس گھنٹے ان کی مانٹرینگ کیلئے موجود ہو گی ۔ وزیراعظم کی نقل و حرکت اور وطن واپسی کا فیصلہ بھی ڈاکٹرز کی ٹیم ہی مشاورت کے بعد کریگی ۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم تقریباً ایک ہفتے تک لندن کے مقامی ہسپتال میں ہی رہینگے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نے آپریشن سے ایک دن قبل بھی لندن میں حکومتی امور نمٹائے جس میں انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے قومی اقتصادی کونسل اور وفاقی کابینہ کے بجٹ اجلاس کی صدارت کی جبکہ صحتیابی کیلئے نیک خواہشات پر نواز شریف نے تمام وزرا اور سیاستدانوں کا شکریہ بھی ادا کیا ۔