پاکستان پر اسرائیل‘ بھارت‘ امریکہ حملے کے امکانات بدستور موجود ہیں: پامیلا خان

لاہور (نیوز ڈیسک) معروف آسٹروپامسٹ اور ماہر علم الاعداد پامیلا خان نے کہا ہے کہ زائچہ کے مطابق پاکستان پر حملے کے واضح امکانات بدستور موجود ہیں‘ اس کارروائی میں بھارت کے ساتھ اسرائیل اور امریکہ بھی ملوث ہو گا‘ 26 جنوری کو لگنے والے سورج گرہن اور 9 فروری کے چاند گرہن کی وجہ سے ملک اور حکومت کی مشکلات میں اضافہ ہو گا۔ حالات مزید سنگین ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔ چیف آف آرمی سٹاف اشفاق پرویز کیانی کے زائچہ سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ملک کو گھمبیر صورتحال سے نکالنے کے لئے بہتر اقدامات کریں گے۔ واضح رہے کہ پامیلا خان کی قبل ازیں کئی پیشگوئیاں درست ثابت ہوئی ہیں جن میں پاکستان پر ساڑھ ستی کے آخری مراحل اکتوبر‘ نومبر اور دسمبر میں جنگ کے بادلوں سمیت سخت ترین حالات چھائے رہے۔ بھارت کے ساتھ تعلقات متاثر ہو گئے‘ سردار عتیق حکومت ختم ہو گئی‘ پاکستان میں اپوزیشن نے اپنے مطالبات منوانے کے لئے سخت گیر مؤقف اختیار کر لیا اور (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی میں اختلافات بڑھ گئے۔ پامیلا خان نے کہا ہے کہ افغانستان اور پاکستان پر اوباما حملے تیز کریں گے اور یہاں حکمرانوں کو بدلنے سے بھی گریز نہیں کریں گے‘ مسئلہ کشمیر حل کرائیں گے جبکہ جنرل اشفاق پرویز کیانی کا نام تاریخ میں سنہرے حروف سے لکھا جائے گا۔