پاکستان اور بنگلہ دیش نے ورلڈ والی بال کے دوسرے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرلیا

پاکستان اور بنگلہ دیش نے ورلڈ والی بال کے دوسرے راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرلیا

لاہور / اسلام آباد (سپورٹس رپورٹر) انٹرنیشنل والی بال فیڈریشن کی زیرسرپرستی اور پاکستان والی بال فیڈریشن کے زیراہتمام 2010ء ورلڈ والی بال چیمپئن شپ کے پہلے کوالیفائنگ ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بنگلہ دیش نے دوسرے کوالیفائنگ راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کرلیا جو مئی میں تہران میں کھیلا جائے گا۔ گروپ ڈی کے اس کوالیفائنگ راؤنڈ کیلئے پاکستان کے علاوہ ایران‘ بھارت اور سعودی عرب نے کوالیفائی کیا ہے۔ بنگلہ دیش کی ٹیم دوسرے کوالیفائنگ راؤنڈ کیلئے بنکاک (تھائی لینڈ) جائے گی۔ پہلے کوالیفائنگ راؤنڈ کے آخری میچ میں پاکستان نے مالدیپ کو 25-12, 25-13 اور 25- سے شکست دے کر اس راؤنڈ میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ مہمان خصوصی پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر و چیئرمین جنرل (ر) سید عارف حسن تھے۔ انہوں نے کھلاڑیوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔