سٹیٹ بینک نے گندم کی خریداری کیلئے پالیسی کا اعلان کردیا

سٹیٹ بینک نے گندم کی خریداری کیلئے پالیسی کا اعلان کردیا

لاہور (کامرس رپورٹر) سٹیٹ بینک نے 2008-09ء کیلئے گندم کی خریداری پالیسی کا اعلان کر دیا ہے۔ اس ضمن میں سٹیٹ بینک کے جاری کردہ ایم ای ایف ڈی سرکلر نمبر 3 میں کہا گیا ہے۔ مقامی گندم کی خریداری کیلئے قرض کی سہولتیں صرف ایسی لائسنس یافتہ فلورملوں کو فراہم کی جائیں گی جو قرضے لینے کی شرائط پر پوری اترتی ہوں۔ تینک اس امر کو یقینی بنائیں گے کہ قرض کی رقم صرف اس مقصد کیلئے استعمال کی جائے جس کیلئے قرضے دیئے جائیں گے۔ یہ قرضے 31جنوری 2010ء تک واپس کرنے ہونگے۔ 2009ء کے دوران گندم کی خریداری کیلئے اہل افراد کو گندم کی خریداری سیزن کے آغاز پر کرنی ہوگی یہ فنانسنگ گندم کے سٹاک کی مالیت کے کم از کم 10فیصد کیش مارجن سے مشروط ہوگی اور بینک قرض لینے والوں کو مارجن کی شرائط پوری کرنے کیلئے کسی قسم کی مالی سہولتیں فراہم نہیں کریں گے۔ بینک گندم کی خریداری کیلئے 30جون 2009ء کے بعد نئے قرضوں کی فراہمی کی درخواستیں وصول نہیں کریں گے۔ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ بینک گندم کی خریداری کیلئے نجی شعبہ کو فراہمی کی جانے والی فنانسنگ سے متعلق ہفتہ وار اسٹیٹمنٹ مقررہ فارمیٹ پر متعلقہ ہفتے کے اختتام سے 7روز کے اندر سٹیٹ بینک کو فراہم کرنے کے پابند ہونگے۔