بینظیر کے قاتل گرفتار نہ ہونے سے حکومت کا عوام میں مورال گر گیا: ناہید خان

شاہ کوٹ + مانانوالہ (نامہ نگار + این این آئی) محترمہ بینظیر بھٹو شہید کی سابق پولیٹیکل سیکرٹری ناہید خان نے کہا ہے کہ بینظیر کے قاتل گرفتار نہ ہونے سے حکومت کا عوام میں مورال گر گیا ہے جبکہ سینیٹر صفدر عباسی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کے ذریعے چیف جسٹس سمیت تمام معزول ججوں کو بحال کرنے سے ہی ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی کے سرگرم کارکن میاں شوکت علی شوکت کی رہائش گاہ پر ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے کہا کہ محترمہ کا قتل پوری دنیا پر قرض ہے کیونکہ وہ عالم اسلام اور دنیا کی پہلی عظیم ترین خاتون لیڈر تھیں۔ انہوں نے ملک میں جمہوریت کے فروغ کے لئے بے پناہ قربانیوں کی روایت قائم کی اور کارکنوں نے بہت سی صعوبتیں برداشت کیں۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی لیبر ونگ کے مرکزی صدر عبدالقادر شاہین‘ مسلم لیگ (ن) تحصیل شاہ کوٹ کے صدر چودھری محمد طارق ساہی‘ سٹی سینئر نائب صدر حاجی محمد اسحق اور یو سی حلقہ 18 کے صدر شیخ عبدالرزاق حیدری بھی موجود تھے۔