شاہینوں نے دوسرے ایک روزہ میچ میں زمبابوے کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی

خبریں ماخذ  |  خصوصی نامہ نگار
شاہینوں نے دوسرے ایک روزہ میچ میں زمبابوے کو چھ وکٹوں سے شکست دے دی

قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے دوسرے ایک روزہ میچ میں پاکستانی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ زمبابوے کی جانب سے چبھابھا اور سیبانڈا نے اننگز کا آغاز کیا۔ لیکن سیبانڈا صرف تیرہ رنز بنا کر محمد حفیظ کے ہاتھوں بولڈ ہوگئے۔
مساکدزا اٹھارہ جبکہ ولیمز پانچ اسکور بناکر آؤٹ ہوئے۔ ٹیم کے اسکور میں ننانوے رنز جوڑنے والے چبھابھا شعیب ملک کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ موتمبامی سات اور کوونٹری دس رنز بناسکے۔ سکندر رضا سو رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر نمایاں رہے اور یوں زمبابوے نے مقررہ پچاس اوورز میں سات کھلاڑیوں کے نقصان پر دو سو اڑسٹھ رنز بنائے۔
دو سو انہتر رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی جانب سے کپتان اظہر علی اور سرفراز احمد نے اننگز کا آغاز کیا ، لیکن سرفراز احمد صرف بائیس رنز بنا کر چبھابھاکی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے،اس موقع پر کپتان اظہر علی نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے کریز پر قدم جمائے اور وکٹ کے چاروں اطراف شاندار اسٹروکس کھیلے۔
محمد حفیظ بھی صرف پندرہ رنز ہی بناسکے، اسد شفیق انتالیس رنز بناکر پویلین لوٹے-
ایک سو دو رنز بناکر کپتان اظہر علی مپاریوا کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد حارث سہیل اور شعیب ملک نے پراعتماد طریقے سے کھیلتے ہوئے مقررہ ہدف اڑتالیس ویں اوور میں مکمل کرلیا۔ حارث سہیل باون جبکہ شعیب ملک چھتیس رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔