بار ایسوسی ایشنز میں فلٹریشن پلانٹس، ڈیجیٹل لائبریریوں کا اعلان، جمہوریت کے لئے وکلا کا کردار شاندار ہے: شہباز شریف

بار ایسوسی ایشنز میں فلٹریشن پلانٹس، ڈیجیٹل لائبریریوں کا اعلان، جمہوریت کے لئے وکلا کا کردار شاندار ہے: شہباز شریف

لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے پنجاب کی بار ایسوسی ایشنز کے دفاتر میں واٹر فلٹریشن پلانٹس اور ڈیجیٹل لائبریریوں کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ 3 برس میں پنجاب کی تمام بار ایسوسی ایشنز میں ڈیجیٹل لائبریریوں کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ آزاد عدلیہ کی بحالی کیلئے وکلاء برادری کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ قانون اور آئین کی حکمرانی اور جمہوریت کے استحکام کے لئے وکلاء کا کردار شاندار ہے۔ عوام کو انصاف کی فراہمی میں وکلاء برادری کو ہراول دستے کا کردار ادا کرنا ہے۔ تھانہ و کچہری میں عام آدمی کی شنوائی کیلئے مشترکہ بصیرت اور اجتماعی کاوشوں کو بروئے کار لا کر بہتری لانا ہے۔ ڈسکہ میں پیش آنے والے اندوہناک واقعہ کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ شہبازشریف نے اس امر کا اعلان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن راولپنڈی کے صدر شیح محمد سلیمان کی قیادت میں وفدسے ملاقات میں کیا۔ شہبازشریف نے کہاکہ حکومت نے ڈسکہ کے افسوسناک واقعہ کے بعد فوری اور موثر ایکشن لیا ہے۔ قانون کے محافظ کو کسی بھی صورت قانون ہاتھ میں نہیں لینا چاہیے تھا۔ ڈسکہ واقعہ میں انصاف کو ہر صورت یقینی بنائیں گے۔ تھانہ و کچہری میں نا انصافی کے خاتمے کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ افسوس کا مقام ہے کہ آج بھی عام آدمی کو سستا اور فوری انصاف نہیں مل رہا۔ انصاف کو عام آدمی تک پہنچانے کیلئے میرٹ کی حکمرانی کو یقینی بنارہے ہیں۔ پڑھو پنجاب بڑھو پنجاب پروگرام پر پیشرفت کیلئے اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں معیاری تعلیم کے فروغ کیلئے ’’پڑھو پنجاب،بڑھو پنجاب‘‘ پروگرام پر کامیابی سے عملدرآمد جاری ہے۔اجلاس میں پنجاب کے سرکاری سکولوں کی خستہ حال عمارتوں کی فوری تعمیر و مرمت کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تعمیر و مرمت پر ایک برس کے دوران 15 ارب روپے خرچ کئے جائیں گے اور اس ضمن میں تعمیراتی کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی سٹیرنگ کمیٹی تشکیل دے دی جو خستہ حال عمارتوں کی تعمیر و مرمت کے کام کی نگرانی کرے گی۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے پر سیاسی قیادت کا اتفاق خوش آئندہے۔ قومی قیادت نے ایک بار پھر سیاسی بصیرت کا مظاہرہ کیا ہے۔ منصوبہ 18 کروڑ پاکستانیوں کیلئے ہیں۔ تکمیل سے روزگار کے لاکھوں نئے مواقع پیدا ہوں گے اور معیشت کو زبردست استحکام ملے گا۔