شبوہ صوبے میں حوثی باغیوں اور مقامی قبائل جھڑپوں میں 38 افراد ہلاک
یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف سعودی عرب اوراتحادی ممالک کے فضائی حملے جاری ہیں۔ آج بھی عرب اتحاد نے یمن کے دارالحکومت صنعا میں باغی گروپ ری پبلکن گارڈ کے ہیڈ کوارٹر کو نشانہ بنایا،
سعودی بری افواج کے قافلوں کو بھی سرحدی شہر جازان سے یمن کی جانب پیش قدمی کرتے دیکھا گیا، تاہم امریکا میں سعودی سفیر عدیل الجبیر کہنا ہے کہ حوثی باغیوں کے خلاف فی الحال زمینی کاروائی زیر غور نہیں۔ دوسری طرف حوثی باغیوں نے عدن شہر کے ہوائی اڈے پر دوبارہ قبضہ کرلیا اور عدن کے جبل حدید فوجی اسلحہ خانے میں زور دار دھماکوں کے بعد دھویں کے بادل اٹھتے دیکھے گئے،گذشتہ روز حوثی باغیوں نے سوڈان کا طیارہ مار گرانے اور سوڈانی پائلٹ کو اغوا کرنے کا دعوی بھی کیا تھا، تاہم سوڈان فوج کے ترجمان نے اس کی تردید کی ہے۔اس قبل عرب لیگ سربراہ اجلاس میں22 عرب ممالک نے مشترکہ عرب فورس تشکیل دینے کا فیصلہ کرلیا ہے جو تقریباً 40 ہزار فوجیوں پر مشتمل ہوگی، عرب سربراہوں نے یمن میں باغیوں کے ہتھیار ڈالنے تک حملے جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا ہے۔