ڈاکٹروں سے اجازت ملتے ہی آپ کے درمیان ہوں گا, استقبالیہ تقریبات کو منسوخ کردی جائیں: نوازشریف کی کارکنوں کو ہدایت
وزیراعظم میاں نوازشریف نے وطن واپسی پرہونیوالی استقبالیہ تقریبات کو منسوخ کرنے کا حکم دیدیا ۔وزیراعظم نوازشریف نے کارکنان اور عوام کے نام پیغام میں کہا کہ میرے علم میں یہ بات آئی ہے کہ میری وطن واپسی کے موقع پر آپ ایک بڑے استقبالیہ پروگرام کی تیاریاں کر رہے ہیں۔ مجھے آپ کی محبت اورخلوص کا پوری طرح اندازہ ہے۔ میں نے اپنے آپریشن کے حوالے سے بھی آپ کی اس محبت اور خلوص کا ایسا مثالی مظاہرہ دیکھا ہے جو میرے لئے ایک بڑا اعزاز ہے۔ آپ کی انہی دعاوں کی قبولیت اور اللہ تعالی کے فضل و کرم سے میرے حساس آپریشن کا مرحلہ بخیروخوبی مکمل ہوا اور میری صحت تسلی بخش طور پر بحال ہورہی ہے۔ آپ کی یہ محبت میرا اور میری جماعت کا سب سے بڑا اثاثہ ہے۔ اسی سے مجھے وطن عزیز کی خدمت کا عزم اور توانائی ملتی ہے۔ڈاکٹروں کی طرف سے حتمی اجازت ملتے ہی میں انشا اللہ بہت جلد آپ کے درمیان موجودہوں گا اور انشاءاللہ ہم ایک دوسرے کے شانہ بشانہ اور قدم بہ قدم پاکستان کی تعمیر و ترقی اور امن و خوشحالی کا سفر جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ میں آپ کی محبت و خلوص سے بھرے جذبات و احساسات کے پورے احترام کے ساتھ میں آپ سے اپیل کرتاہوں کہ آپ میرے استقبال اور ایسی ہی دیگر تقریبات منسوخ کردیں۔ رمضان المبارک کا مقدس مہینہ ختم ہورہا ہے۔ چند دنوں بعد عید آرہی ہے۔ آپ اپنی دینی اور تہذیبی روایات کے مطابق اس عظیم مذہبی تہوار کی تیاریاں کیجئے۔ حالیہ دنوں میں دہشت گردی کے واقعات بھی ہم سب کے لئے رنج وغم کا باعث ہیں۔ عید مناتے وقت ان شہداء اور ان کے لواحقین کو دعاو¿ں میں ضرور یاد رکھیے۔ میں ایک بار پھر آپ سب کا اپنی ماو¿ں ،بہنوں، بیٹیوں، بزرگوں اور نوجوانوں کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتاہوں کہ انہوں نے مجھے اپنی محبتوں اور دعاو¿ں سے نوازا۔