پانی کی صورتحال بہتر ہو گئی‘ تمام صوبوں کو پورا حصہ دیا جا رہا ہے: ارسا

اسلام آباد (اے پی پی) ملک کے بالائی حصوں میں گرمی کی شدت میں اضافے کیساتھ ہی برف پگھلنے کے باعث دریائوں میں پانی کی صورتحال بہتر ہوگئی ہے اور تمام صوبوں کو ان کے حصے کا پورا پانی فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ آبی ذخائر میں پانی جمع کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ انڈس ریورسسٹم اتھارٹی (ارسا) کے مطابق ملک کے مختلف دریاؤں میں پانی کی مجموعی آمد تین لاکھ 82 ہزار 626 کیوسک تک پہنچ گئی ہے۔ دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام پر پانی کی آمد بڑھ کر ایک لاکھ 97 ہزار 700 کیوسک‘ اخراج ایک لاکھ 50 ہزار کیوسک رہا۔ ڈیم میں پانی کی سطح ڈیڈ لیول سے 20 فٹ بلند ہو کر 1388.92 فٹ پہنچ گئی ہے۔ دوسری طرف منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 1163.65 فٹ ریکارڈ کی گئی جو ڈیڈ لیول سے 123.50 فٹ بلند ہے۔ ڈیم میں پانی کی آمد 53 ہزار کیوسک جبکہ 40 ہزار کیوسک پانی خارج کیا گیا۔ نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں پانی کے بہاؤ 64550 کیوسک جبکہ مرالہ کے مقام پر دریائے چناب میں پانی کی آمد 64122 کیوسک ریکارڈ کی گئی۔
ارسا