حکومتی رٹ کیلئے فضائیہ کی کارروائیوں کے مثبت نتائج سامنے آئینگے: آرمی چیف

اسلام آباد (آن لائن) پاک فوج کے سربراہ جنرل اشفاق پرویز کیانی نے گذشتہ روز ائیر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہیں سوات اور فاٹا میں شدت پسندوں کیخلاف جاری ائیرفورس کے آپریشنز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ عسکری ذرائع کے مطابق دورے کے دوران چیف آف آرمی سٹاف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل راؤ قمر سلیمان سے بھی ملاقات کی۔ ذرائع نے بتایا کہ ملاقات کے دوران ائیر چیف نے پاک فوج کے سربراہ شدت پسندوں کیخلاف جاری کارروائیوں میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ملکی دفاع و تحفظ کیلئے فضائیہ پاک فوج کے شانہ بشانہ ہو گی۔ راو قمر سلیمان نے آرمی چیف کو بتایا کہ جے ایف- 17 تھنڈر طیاروں کی پاکستان میں تیاری آج (منگل) سے شروع ہو جائے گی جبکہ پہلا طیارہ رواں سال کے اختتام تک ملکی فضاوں میں ہو گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے شدت پسندوں کے خلاف جاری آپریشن میں پاک فضائیہ کی جانب سے کئے جانیوالے اقدامات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے حکومتی رٹ کو یقینی بنانے کیلئے جو کارروائیاں کی ہیں اس کے مثبت نتائج سامنے آئینگے۔