اقتصادی راہداری دوستی کو نئی بلندیوں پر لے گئی، غیر ملکی سرمایہ کاروں کا بھی خادم ہوں: شہباز شریف
لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ چین کے دورے کے دوران چینی قیادت اور عوام کی محبت نے میرے اور میرے وفد کے ارکان کے دل جیت لئے ہیں۔ انرجی، ووکیشنل ٹریننگ، ٹیکسٹائل، انفراسٹرکچر اور ٹرانسپورٹ سمیت چین اور پنجاب کے درمیان پہلے سے زیرعمل معاہدوں کی رفتار کا جائزہ لینے کیلئے متعدد کئی اہم معاہدے کئے گئے ہیں۔ پاکستان روانگی سے پہلے جیموسٹی کے دورے کے دوران چینی سرمایہ کاروں اور میڈیا سے گفتگو میں شہبازشریف نے کہا کہ پنجاب میں توانائی کے منصوبوں پر عملدرآمد کے حوالے سے ’’پنجاب سپیڈ‘‘ کی اصطلاح کا اعزاز میرا نہیں بلکہ پوری پنجاب حکومت اور پنجاب کے عوام کا اعزاز ہے۔ گارمنٹس کے شعبے میں چینی سرمایہ کاروں سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا میں چین میں تیار کپڑوں کا طوطی بول رہا ہے اور اگر ہم یہ کہیں کہ چین نے اہل مغرب کو اپنا ملبوس پہنا دیا ہے تو غلط نہ ہوگا۔ پنجاب سرمایہ کاری کیلئے بہترین جگہ ہے اور سرمایہ کار یہ بات دھیان میں رکھیں کہ پاکستان میں اگلے برس تک لوڈشیڈنگ پر قابو پایا جا چکا ہوگا اور انہیں اپنی صنعتوں کیلئے وافر بجلی دستیاب ہوگی۔ میڈیا کے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں غیرملکی سرمایہ کاروں کا بھی اسی طرح خادم ہوں جس طرح پنجاب کے عوام کا، دراصل میری یہ ساری جدوجہد اپنے ملک اور صوبے کے عوام کی خوشحالی اور ترقی کیلئے ہے۔ پاکستان میں روزگار بڑھے گا، صنعتیں لگیں گی تو عوام بھی ترقی کریں گے اور ان کا معیار زندگی بلند ہوگا۔ اکنامک کوریڈور پاک چین دوستی کے سفر کو نئی بلندیوں پر لے گیا ہے۔ علاوہ ازیں شہبازشریف چین کے 5روزہ دورے کے بعد لاہور واپس پہنچ گئے۔ وطن واپسی کے بعد ائیر پورٹ پر گفتگو میں انہوں نے کہا کہ دورہ چین کے دوران چینی قیادت، کیمونسٹ پارٹی کے رہنماؤں اور سرمایہ کاروں کیساتھ سود مند ملاقاتیں ہوئیں اور جس مقصد کیلئے چین گیا تھا وہ پورا ہوا ہے۔ جس اعتماد سے چین گیا، اس سے زیادہ اعتماد لے کر واپس آیا ہوں۔