پانامالیکس نے حکومت کو لیک کرنا شروع کردیا ، تخت رائیونڈ لرز رہا ہے ، نواز شریف تحقیقات تک وزارت اعظمی چھوڑ دیں: بلاول
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاناما لیکس کے انکشافات کی تحقیقات سے قبل وزیراعظم نواز شریف سے استعفے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی پی کے دور حکومت میں اس وقت کے وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی پر جب کرپشن کے الزامات لگے تھے تب نواز شریف نے ان سے استفعے کا مطالبہ کیا تھا۔انھوں نے وزیراعظم نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ 'جس طرح آپ نے سید یوسف رضا گیلانی سے استعفے کا مطالبہ کیا تھا ویسے ہی میں آپ سے استعفے کا مطالبہ کرتا ہوں'۔ پاناما لیکس نے ن لیگ کی حکومت کو لیک کردیا نواز شریف کی حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں۔ نواز شریف کی حکومت ہچکولے کھارہی ہے۔ 'میاں صاحب کا جھوٹ اور دھوکا ظاہر ہوچکا ہے'۔ 'اب خاموش نہیں رہیں گے، پانامالیکس کا پیچھا کریں گے'۔ وزیر اعظم تحقیقات تک وزارت اعظمی کا عہدہ چھوڑ دیں،جب تک نہتے کشمیریوں کا قتل بند نہیں ہوگا،دنیا میں امن نہیں آسکتا، آزاد کشمیر میں ایک بار پھر 2013کے عام انتخابات کی طرح کی دھاندلی کی تیاری کی جارہی ہے ۔ عوام ن لیگ کے ان ہتھکنڈوں کو ناکام بنا دیں گے اور مودی کے یار نواز شریف کو شکست دیں گے،کوٹلی آزاد کشمیر میں پی پی کے انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹونے کہا کہ آج میں جنت نظیر کشمیر کی سرزمین پر کھڑا ہوں آج کا دن میرے لیے خوشی کا دن ہے کشمیر پوری دنیا میں جدوجہد کی علامت سمجھا جاتا ہے ۔ آج کا جلسہ ن لیگ کی دہشت گردی کا شکار کارکنوں کے نام کرتا ہوں ۔ وعدہ کرتاہوں کہ قاتلوں کو انجام تک پہنچاؤں گا۔ آج پورا جنوبی ایشیاء امن کی تلاش میں ہے ۔ اگر اس خطے میں امن قائم ہوگاتو مشرق وسطی میں بھی امن ہوگا۔ اگر ان خطوں میں امن ہوگاتوپوری دنیا امن کا گہوارہ بن سکتی ہے ۔ میں جنوبی ایشاکی داخلی اور عالمی طاقتوں سے پوچھتا ہوکہ آپ امن کی بات تو کرتے ہو آپ مسئلے کی نشاندہی تو کرتے ہومگرمسئلہ حل کرنے کے لیے اقدامات نہیں کرتے آپ اقوام متحدہ میں بیٹھ کر قرار داد تو پاس کرتے ہو مگر اس قرار داد پر عمل کرنے میں ناکام رہتے ہو آپ انسانی حقوق کی بات کرتے ہو مگر مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے ظلم اور جبر پر آنکھیں بند کرلیتے ہو جب تک نہتے اور مظلوم کشمیریوں کا خون بہتا رہے گاجب تک فلسطینیوں کے خلاف اسرائیل جنگ اور ظلم وستم رہے گاتب تک دنیا میں امن قائم نہیں ہوسکتا ۔ یہ صرف میں نہیں کہہ رہا بلکہ پچھلے 68سالہ تاریخ بتارہی ہے ۔ آج پورا مشرق وسطیٰ آگ کی لپیٹ میں ہے ۔ جنوبی ایشیا کے لوگ بہت بڑے مسائل سے دوچار ہیں ۔ ملکوں کے درمیان ہتھیاروں کی دوڑ لگی ہوئی ہے غربت انتہاء کو پہنچتی جارہی ہے ۔ تعلیم صحت اور بنیادی سہولتیں نہ ہونے کے برابر ہیں انتہاء پسندی شدت پسندی میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے ۔ بڑے بڑے تنازعات کو حل کرنے کے بجائے سرد خانے میں ڈال دیا جاتا ہے یہی کچھ ن لیگ کی حکومت کشمیر کے ساتھ کررہے ہی۔ میاں صاحب نے 3سال میں کبھی بھی کشمیر پر کھل کر بات نہیں کی مقبوضہ کشمیر میں ہونے والے مظالم کی مذمت تک نہیں کی آسیہ اندرابی کی گرفتاری پر امریکہ تو تشویش کا اظہار کرتا ہے مگر میاں صاحب کی حکومت نے ایک لفظ تک بولنا گوارہ نہیں کیا میں مقبوضہ کشمیر اور آزاد کشمیر کی حکومت کو یقین دلاتا ہوں کہ پیپلزپارٹی کشمیریوں کے حقوق کے لیے خاموش نہیں رہے گی آپ کی ہر جدوجہد میں ساتھ ہیں ۔ اور ساتھ رہیں گے ۔ مجھے اس بات کی کوئی پرواہ نہیں کہ میں جب بھی کشمیر پر بات کرتا ہوں تو مودی سرکار اور ہندوستانی میڈیا میرے خلاف پروپیگنڈا شرو ع کردیتے ہیں ۔ ہماری تصویروں کو آگ لگادی جاتی ہے ۔ ہماری پارٹی کی ویب سائیٹ تک ہیک کرلی جاتی ہے ۔ ا سلئے کہ وہ جانتے ہیں کہ بھٹو کی آواز پوری دنیا میں سنی جاتی ہے کٹھ پتلیاں بولیں تو وہ کہتے ہیں ملاں بولیں تو وہ کہتے ہیں دہشت گرد بولتا ہے ۔ لیکن جب ایک بھٹو بولتا ہے تو ان کے پاس کوئی جواز نہیں ہوتا ۔ بے شک میاں صاحب نہ بولیں ن لیگ حکومت نہتے کشمیریوں پر ہونے والے ظلم پر خاموش ہی رہے مگر میں آپ کی آواز بنوں گا۔ میں دنیا کو مودی سرکار کے ظلم سے آگاہ کروں گا۔ میاں صاحب کی حکومت ہچکولے کھارہی ہے ۔ ایسے لگ رہا ہے کہ پانامالیکس نے ن لیگ حکومت کو لیک کرنا شروع کردیا ہے ۔ تخت رائیونڈ لرز رہا ہے ۔ نوازشریف صاحب آپ کو یاد ہوگاکہ آپ نے جلسہ عام میں اس وقت کے وزیراعظم سید یوسف رضاگیلانی سے استعفیٰ مانگاتھا آج وہی مطالبہ میں آپ سے کرتاہوں جب تک پانامالیکس کے الزامات سے بری ہوجائیں تو پھر آکر وزیراعظم کا عہدہ سنبھال لیں ۔ میاں صاحب آپ کے دن گنے جاچکے ہیں ۔ آج آپ کی یہ حالت ہے کہ کبھی بیمار بن کر روس بھاگ رہے ہیں تو کبھی لندن میں چیک آپ کروارہے ہیں ۔ ایک نمائندہ کو جرمنی بھیجتے ہیں دوسرے کو امریکہ روانہ کرتے ہیں پھر بھی چین نہیں آتا تو پاناماکے وزیر خزانہ کو پکڑنے پہنچ جاتے ہیں ۔ میاں صاحب ایسی کیا بات ہے کوئی تو بات ہے آپ کا ہر دھوکہ اور ہر جھوٹ ظاہر ہوچکا ہے ۔ اس موقع پر بلاول نے نعرے لگوائے کہ اس گرتی ہوئی دیوار کو ایک دھکہ اور دو مودی کے یار کو ایک دھکہ اور دو کرپشن کے سردار کو ایک دھکہ اور دو بلاول نے کہا کہ جیسے کشمیر سے پانی نیچے پاکستان تک جاتا ہے اس طرح ن لیگ کی شکست بھی کشمیر سے شروع ہوگی ۔ اور پاکستان پہنچے گی شکست ان کا مقدر ہے ۔ انہوںنے کہا کہ میرے یہاں آنے سے پہلے مجھے بتایاگیا کہ پا کستان کی وفاقی حکومت نے آزادکشمیر میں اپنے بادشاہ کو مقررکیا ہے ۔ اسلام آباد میں بیٹھے ہوئے بادشاہ سلامت کشمیر کونسل کے اربوں روپے کا فنڈ چوری کرکے ن لیگ کے امیدواروں میں بانٹ رہے ہیں لوگوں کے ووٹ نوٹوں کے ذریعے خریدے جارہے ہیں نادرا جعلی شناختی کارڈ پر بوکس ووٹر لسٹیں بنارہے ہے پنجاب اور بلوچستان میں غیر کشمیریوں کے ووٹ رجسٹرکیا جارہا ہے ۔ ایک بار پھر 2013کے عام انتخابات کی طرح کی دھاندلی کی تیاری کی جارہی ہے ۔ مجھے حراساں کیا گیا کہ آپ کشمیر نہ آئیں مگر میں نے یہاں آنے کا فیصلہ کیا میں اپنے کشمیری بہن بھائیوں ن لیگ جیسی جماعت کے حوالے نہیں کرنا چاہتا مجھے معلوم ہے کہ یہ لوگ دھاندلی کرنے کے ماہر ہیں ۔ مجھے معلوم ہے ن لیگ والے دھونس اور دھمکیوں کے ذریعے لوگوں کے ووٹ پر ڈاکہ ڈالتے ہیں یہ دوسروں کا مینڈیٹ چراتے ہیں مگر مجھے آپ پر یقین ہے کہ آپ ن لیگ کے ان ہتھکنڈوں کے ناکام بنا دیں گے ۔ آئیں یہ سب مل کر مودی کے یار نوازشریف کو شکست دیں ۔ میاں صاحب اور مودی کو شکست کشمیر کی جیت ہوگی ۔ میاں نوازشریف سیاست نہیں تجارت کرتے ہیں ۔ میاں صاحب افسوس کہ آپ تین مرتبہ وزیراعظم بنے مگر آپ لیڈر نہیں بنے ۔ آپ لیڈر نہیں صرف اور صرف بزنس مین ہیں میاں صاحب آپ کا داخلہ پالیسی میں بھی پہلے بزنس انٹرسٹ ہوتا ہے ۔ آپ کا فارن پالیسی میں بھی پہلے بزنس انٹر سٹ ہوتا ہے ۔ پی آئی اے اور اسٹیل ملز کی پالیسی ہوتوابھی آپ کا پہلے آپ کا بزنس فائدہ ہوتا ہے ۔ ہمیں معلوم ہے کہ آپ ان اداروں کو اونے پونے بیچنا چاہتے ہو آپ اداروں کو ایک ساتھ سے بیچتے ہوتو دوسرے ہاتھ سے خرید لیتے ہو اور پھر پانامالیکس آف شور کمپنیاں بناتے ہو آپ تعلیم پر اس لئے توجہ نہیں دیتے کہ کتابوں میں جو استعمال نہیں ہوتا ترقی کے نام پر آپ کا انٹرسٹ تھا تو میٹروبسوں کے منصوبے میں ہے ۔ میاں صاحب آپ آپ کو بھی یقین ہوگیا ہے کہ آپ کی حکومت اپنی آئینی مدت پوری نہیں کرسکے گی یہ بات آپ کو بھی معلوم ہے بلاول نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد کی اپنی تاریخ ہے ۔ مجھے فخر ہے کہ میں اس پارٹی کا چیئرمین ہوں جس پارٹی نے کشمیر کاز اور کشمیریوں کی فلاح کے لیے دن رات کام کیا ۔ میرے نانا میری ماں یہ قوم اب آپ سے حساب مانگ رہی ہے اب ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے ۔ ہم پاناما لیکس کی بھی تحقیقات کریں گے ۔ میاں صاحب آپ کے تو اس کا بھی وقت نہیں کہ آپ قوم سے معافی مانگتے خود آپ کو بھی اس کا اندازہ ہوگیا ہے ۔ کہ آپ کا جانا ٹھہر گیا ہے ۔ جبھی تو آپ نے پورے پاکستان میں جلسوں کا اعلان کرکے الیکشن کی تیاری شروع کردی ہے دنیا میں پیٹرول کی قیمت اتنی کم ترین سطح پر آگئی لیکن آپ ٹیکس اور لیویز میں اضافہ کرکے غریب عوام کو سہولتوں سے محروم کرتے رہے آپ کی حکومت وہ حکومت ہے جس نے تین سال میںتمام پچھلی حکومتوں سے زیادہ قرض اٹھایا ہے مگر اب اس طرح نہیں چلے گا ۔ آپ نے جو کچھ اس قوم کے ساتھ کیا اور سیاست کی آ ڑمیں جو پیسہ بنایا ہے اس کا جواب دینا ہوگا۔ اورنج ٹرین اور میٹروبس بنارہے ہیں 162ارب روپے کی اورنج ٹرین دنیا کا مہنگاترین منصوبہ ہے ۔ صرف ایک منصوبے پر 162ارب روپیہ خرچ کیا جارہا ہے جبکہ پورے کشمیر کا بجٹ صرف 68ارب روپے ہے میٹرو کے نام پر کتنا پیسہ خرچ کردیا اس کا غریب لوگوں کو کیا فائدہ ہواکاش یہ پیسہ آزاد کشمیر کے غریبوں پر خرچ کیاجاتا۔میرے والد نے ہمیشہ کشمیر اور کشمیریوں کے لیے آواز بلند کی اگر سرحد کے اس پار سے میری آواز سنی جارہی تو سن لوہمارا نعرہ سب سے بھاری رائے شماری رائے شماری ،لواں کے لواں گے کشمیر لواں گے میں آزاد کشمیر کو ویسٹ جرمنی کی طرح دیکھنا چاہتا ہوں یہاں پر بھی ایک علاقے کے درمیان باڑ لگا کر ایک قوم کو تقسیم کیا گیا ہے اب ضرورت ہے کہ آزاد کشمیر میں انوسٹمنٹ کی جائے ہائیڈرو پاور پراجیکٹس لگائے جائیں انڈسٹری زون بنایا جائے اسپیشل اکنامک زون بنایا جائے وفاقی حکومت کشمیر کو سپیشل پیکج دے میں چاہتا ہوں روشن پاکستان آزاد کشمیر سے دیکھا جائے یہاں تعلیم ہو ترقی ہو لوگ خوشحال ہوں کشمیر کے لوگو : میں آپ سے وعدہ کرتا ہوں کہ ہماری حکومت آنے کے بعد اس کو حقیقت کا روپ دوں گا ن لیگ حکومت نے پچھلے تین سال میں کچھ نہیں کیا آزاد کشمیر حکومت پر پابندیاں لگائی گئیں آپ کا فنڈ روک دیا گیا آپ کی ترقی کو روکا گیا یہاں جو بھی ترقی ہوئی پیپلز پارٹی کے دور میں ہوئی سکینڈری سکولز اپ گریڈ کرنے کے ساتھ ساتھ تین میڈیکل کالجز آئی ٹی یونیورسٹی اور دیگر یونیورسٹیاں اور کالجز بنائیں گے نئی سڑکیں بنائیں گے لوگوں کو روزگار دیں گے ن لیگ حکومت صرف اور صرف جھوٹا پروپیگنڈا کرنے میں مصروف ہے یہ صرف دوسروں کو بدنام کرنا چاہتے ہیں مگر پوری دنیا میں ان کی کرپشن کے چرچے عام ہو رہے ہیں بلاول نے کہا کہ ہم سے کچھ غلطیاں ضرور ہوئی ہوں گی مگر اب میں یہاں موجود ہوں میں خود دیکھوں گا جو بھی غلط کرے گا اس کو حساب دینا ہو گا میں کسی صورت کرپشن برداشت نہیں کروں گا میں لوگوں کی خدمت پر یقین رکھتا ہوں سب لوگوں کی ترقی پر یقین رکھتا ہوں میں چاہتا ہوں کہ میرا کشمیر پھلے پھولے یہاں امن اور خوشحالی ہو آپ سب ہاتھ اٹھا کر عہد کریں آپ پاکستان پیپلز پارٹی کو ووٹ دیں گے،سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے جلسے سے اپنے خطاب میں کہا کہ پیپلزپارٹی کی بنیاد مسئلہ کشمیر پر ہے ۔ جہاں بھی کشمیر کا معاملہ آیا ہم نے کشمیری بہن بھائیوں کا ساتھ دیا ۔ انہوںنے کہا کہ ہوسکتا ہے آپ کو مجھ سے اختلاف ہولیکن آپ کو بے نظیر اور بلاول بھٹوزرداری سے اختلاف نہیں ہوسکتا ۔ پیپلزپارٹی کی کامیابی غریب ، کسان اور مزدور کی کامیابی ہے ۔ کشمیر میں یونیورسٹی ، اسکولز اور سڑکیں بنائیں تھیں ۔ فریال تالپور نے کہا کہ کشمیر کو آزاد کرانا ہے تو پیپلزپارٹی کو مضبوط کرنا ہوگا۔ وفاق اور جمہوریت مضبوط کرنا ہے تو پیپلزپارٹی کو مضبوط کرنا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ پیپلزپارٹی کے کارکن ہمارا اثاثہ اور نوجوان مستقبل ہیں ۔ سپیکر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر، غلام صادق خان نے جلسے کے دوران اپنے خطاب میں کہا کہ بھٹو شہید اور بی بی شہید کے وژن کے مطابق کشمیری تحریک آزادی کے لیے ہزاروں سال سے جنگ لڑ رہے ہیں۔ اور وہ اپنی جانوں کی قربانی تو دے دیں گے مگر کبھی سامراج سے سمجھوتہ نہیں کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کی کوٹلی میں آمد سے کشمیری عوام اور جیالوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور آنے والے عام انتخابات میں ن لیگ اور انکے گماشتوں کی ووٹ کی پرچی سے شکست دیں گے۔ انکا کہنا تھا کہ یہ تو بلاول بھٹو کی ابتداء ہے۔ حریت کے ہیرو، شہیدوں اور غازیوں کی سر زمین پونچھ میں بلاول کی آمد کا نہایت بے چینی سے انتظار ہے ۔پونچھ کی عوام بلاول کا تاریخی استقبال کرینگے۔ خطاب سے قبل جب سپیکر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر، غلام صادق خان ایک بہت بڑے جلوس کی قیادت کرتے ہوئے جلسہ گاہ پہنچے تو پنڈال میں پونچھ کے سپوت کا شاندار استقبال کیا گیا۔ سپیکر قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر، غلام صادق خان نے کہا کہ آج بلاول بھٹو نے اس عالمی دن کے لیے جب دنیا بھر کے مزدوروں ، کسانوںکے سامراج سے مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا ،تمام مزدورں اور کسانوں کو رہتی دنیا تک سلام پیش کرتے ہیں۔اور ان مزدوروں اور کسانوں کی محنت و عظمت رہتی دنیا تک قائم رہے گی