پی ٹی آئی کے جلسوں میں لوگوں کی بڑی تعداد میں شرکت، سیاسی حلقے حیران
اسلام آباد (محمد نواز رضا/ وقائع نگار خصوصی) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے مطالبات میں وزیراعظم محمد نواز شریف کے استعفے کو ’’ثانوی‘‘ حیثیت حاصل ہو گئی ہے۔ انہوں نے اپنے دھرنے کو عملاً انتخابی مہم میں تبدیل کر دیا ہے۔ اسلام آباد میں تمام تر کوششوں کے باوجود ان کے جلسوں میں شرکاء کی تعداد میں خاطرخواہ اضافہ نہیں ہو سکا۔ لیکن کراچی اور لاہور کے بڑے جلسوں سے عمران خان کی تحریک کو تقویت ملی ہے۔ عمران خان نے لاہور کے جلسہ میں وزیراعظم محمد نواز شریف سے ایک نیا مطالبہ کر دیا ہے کہ وہ فی الحال مستعفی نہ ہوں انہیں پورے ملک کے عوام کو جگانے کا موقع فراہم کریں۔ عمران خان کو بھی اب اسلام آباد کے جلسوں میں زیادہ دلچسپی نہیں وہ ملک بھر میں بڑے بڑے جلسے منعقد کر کے حکومت پر اپنا دباؤ بڑھانا چاہتے ہیں۔ لاہور میں عمران خان کے جلسے میں ’’لاہوریوں‘‘ کی قابل ذکر شرکت میں بجلی کے زائد بلوں کا بڑا ’’عمل دخل‘‘ ہے۔ دھرنوں میں شرکا کی تعداد کم ہونے کے باوجود بڑے جلسوں کا انعقاد سیاسی حلقوں کے لئے حیران کن ہے۔ وہ حکومت کو مفلوج بنانے کیلئے اپنی تحریک جاری رکھنا چاہتے ہیں۔ وہ اپنی پارٹی کے ارکان اسمبلی کے استعفوں کے بارے میں سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کر رہے۔ عمران اب پورے ملک میں ’’جلسہ جلسہ‘‘ کھیلنا چاہتے ہیں جبکہ حکومت انکو اپنے حال پر چھوڑ دینا چاہتی ہے۔
سیاسی حلقے