پاکستان کشمیری رہنمائوں سے ملاقات کے حق سے دستبردار نہیں ہو گا: سرتاج عزیز
نیویارک (نمائندہ خصوصی+ ایجنسیاں) وزیراعظم کے مشیرر قومی سلامتی و خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان کشمیری رہنمائوں سے ملاقات کے حق سے دستبردار نہیں ہو گا تاہم پاکستانی ہائی کمشنر کی ان سے ملاقاتوں کی ٹائمنگ مختلف ہو سکتی ہے۔ مختلف بھارتی چینلز سے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ ہم بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی جانب سے مذاکرات کی بحالی کے حوالے سے بیان کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ یہ حوصلہ افزا ہے تاہم بھارت جس نے یہ مذاکرات منسوخ کئے ہیں اسے انکی بحالی کے لئے اقدامات کرنا ہو نگے۔ یہ گیند اب بھارتی کورٹ میں ہے۔ بھارتی چینلز کی جانب سے تیکھے سوالوں کے جواب میں سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستانی ہائی کمشنر اور حریت رہنمائوں کی ملاقات کا وقت صحیح نہیں تھا اور اس سے گریز کیاجانا چاہئے دونوں ممالک کے نومنتخب رہنمائوں نے مذاکرات کا موقع گنوا دیا ہے۔ مذاکرات کی منسوخی کے بھارتی اعلان پر ہمیں مایوسی ہوئی مذاکرات ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہیں۔
سرتاج عزیز