بھارت: آدھے گھنٹے میں انتہا پسند ہندووں کے حملوں میں 7 افریقی طلبا زخمی، افریقی ملکوں نے نئی دہلی میں تقریبات کا احتجاجا بائیکاٹ کردیا
بھارت میں انتہا پسندی عروج پر پہنچ گئی ، آدھے گھنٹے میں چار مختلف واقعات میں 7افریقی طالب علموں کو زخمی کر دیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق چھترارپور گاﺅں میں آدھے گھنٹے کے دوران انتہا پسند ہندووں کے حملوں کے چار مختلف واقعات میں 7افریقی طالب علم زخمی ہو گئے جس کے بعد 42 افریقی سفیروں نے اپنی حکومت کو مزید طالب علم بھارت نہ بھیجنے کا مشورہ دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ حالات سازگار ہونے تک بھارت میں موجود تمام افریقی طالب علموں کو واپس بلا لیا جائے۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے بھی بھارت میں انتہا پسندوں نے ایک افریقی طالب علم کو تشدد کر کے ہلاک کردیا تھا۔ بھارت میں سیاہ فام طالبعلم کی ہلاکت پرافریقی ممالک نے شدید احتجاج کیا ہے اور نئی دہلی میں افریقی سفارتخانے میں افریقن ڈے کی تقریبات کا بائیکاٹ کر دیا گیا۔ بھارتی حکومت سے سیاحوں کی حفاظت اور آئندہ ایسے واقعات نہ ہونے کی یقین دہانی کا مطالبہ بھی کیا۔ گزشتہ روز بھی نائیجریا کے طالبعلم کو انتہا پسند ہندوں نے تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا۔