شمالی وزیرستان : گھر پر ڈرون حملہ‘ 8 افراد جاں بحق‘ 3 زخمی

شمالی وزیرستان : گھر پر ڈرون حملہ‘ 8 افراد جاں بحق‘ 3 زخمی

شوال (اے این این+ نوائے وقت رپورٹ) شمالی وزیرستان کی تحصیل شوال میں ایک مکان پرامریکی ڈرون حملے میں 8 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے،سی آئی اے کی جانب سے قبائلی علاقے میں رواں سال کیا جانے والایہ 17واں ڈرون حملہ تھا۔ امریکی جاسوس طیارے نے دو میزائل داغے جس کے نتیجے میں عمارت مکمل طورپرملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہوگئے۔ ہلاکتوں میں مزید اضافہ کاخدشہ ہے۔ حملے کے بعدکئی گھنٹوں تک علاقے پر جاسوس طیاروں کی پروازیں جاری رہیں جس کے باعث مقامی لوگ خوف و ہراس میں مبتلا رہے۔ دریں اثناءسیاسی اور مذہبی جماعتوں نے شمالی وزیرستان میں ہونے والے ڈرون حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے حملوں کو فوری روکا جائے۔ عمران خان، منور حسن، فضل الرحمن، شیخ رشید احمد، لطیف خان کھوسہ اور مولانا سمیع الحق اور دیگر نے اپنے اپنے الگ بیانات میں حملے کو ملک کی سالمیت اور خودمختاری پر حملہ قرار دیا ہے۔