ایم کیو ایم ہماری لائن پر چلی تو ٹھیک ورنہ اتحاد پر نظرثانی کرینگے: اقبال جھگڑا

لاہور (آئی این پی) مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم ہماری لائن پر چلی تو ٹھیک‘ ورنہ اتحاد پر نظر ثانی کریں گے‘ ملک میں قیام امن پر کسی بھی صورت سمجھوتہ نہیں کیا جا سکتا‘ اللہ تعالیٰ الطاف حسین کو محفوظ رکھے ان کی جان کی حفاظت (ن) لیگ نے نہیں اللہ تعالیٰ نے کرنی ہے‘ ہم نے صدارتی انتخاب میں ووٹوں کیلئے نہیں کراچی میں قیام امن اور ملک کے وسیع تر مفاد میں ایم کیو ایم سے رابطہ کیا ہے۔ اپنے ایک انٹرویو کے دوران اقبال ظفر جھگڑا نے کہا کہ نائن زیرو کے دورے میں الطاف حسین سے مذاکرات میں ان کی جانب سے کچھ یقین دہانیاں کروائی گئی ہیں جو ملک اور جمہوریت کیلئے بہتر ہیں اور الطاف حسین نے یہاں تک کہا ہے کہ پاکستان کیلئے میری جان بھی حاضر ہے اور جب بھی ضرورت پڑے گی وہ پاکستان آجائیں گے۔ میں سمجھتا ہوں کہ ایم کیو ایم نے جو وعدے کئے ہیں ان کی روشنی میں ان کو چانس ضرور دینا چاہئے اور حکومت کو 100 دن دیں انشاءاللہ پتہ چل جائے گا کہ ہماری حکومت کی سمت ٹھیک ہے یا نہیںاور بہت جلد کراچی میں لاءاینڈ آرڈر کی صورتحال بہتر ہو جائے گی۔